پہلے یورپیئن گیمز کا رنگا رنگ افتتاح

ہفتہ 13 جون 2015 13:44

باکو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پہلے یورپیئن گیمز کا آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب سے باقاعدہ افتتاح ہوچکا ہے۔ تقریب میں آذربائیجان کے صدر نے خصوصی شرکت کی اور کھیلوں کے باقاعدہ آغاز کی رسمی کاروائی مشعل روشن کی۔ تقریب میں شرکت کرنے والے دیگر اہم افراد میں روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان شامل ہیں۔

بعد ازاں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مقامی فنکاروں نے علاقائی ثقافت اور یورپ کے مشترکہ تصور کو دلچسپ پرفامرمنسز کے ذریعے پیش کیا۔ اس تقریب میں معروف پاپ سنگر لیڈی گاگا نے بھی سرپرائز اینٹری دی۔ آخر میں ایک دیو قامت انار میدان میں اتارا گیا جو اس علاقے میں فراوانی اور محبت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یورپیئن گیمز17 روز جاری رہیں گے اور اس دوران پچاس ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 6000 اتھلیٹس اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

واضح رہے کہ یورپیئن اولمپک کمیٹی ای او سی کے سربراہ پیٹرک ہیکی کو ان کھیلوں کی میزبانی آذربائیجان کو دیے جانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کی وجہ ملک میں انسانی حقوق کی خراب صورتحال ہے۔ دوسری جانب کمیٹی کا موقف ہے کہ آذربائیجان ہی وہ واحد ملک تھا جس نے میزبانی حاصل کرنے کیلئے درخواست دی، ایسے میں وہ انہیں یہ میزبانی دینے پر مجبور تھے۔ ویسے بھی کھیلوں کو سیاست سے نہیں ملانا چاہئے۔