سی ڈی اے نے آئندہ ماہ اسلام آبادمیں بلدیاتی انتخابات کیلئے باضابطہ طور پر منتقل کئے جانے والے اثاثہ جات کی تفصیل اکٹھی کرنا شروع کر دی

ہفتہ 13 جون 2015 14:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے) نے آئندہ ماہ 27 جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے باضابطہ طور پر منتقل کئے جانے والے اثاثہ جات کی تفصیل اکٹھی کرنا شروع کر دی ہے جو مقامی حکومت بننے کے بعد مقامی ممبران کو منتقل کی جائے گی۔ الیکشن باڈی کی غیر موجودگی میں اس دفعہ یہ ذمہ داری وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) ادا کرے گا۔

بلدیاتی ایکٹ کے مطابق انتظامیہ اتھارٹی سی ڈی اے کی تمام تر ذمہ داریاں عوامی نمائندوں کے سپرد کی جائیں گی جس میں صفائی‘ شفاف پانی کی فراہمی پیدائش رجسٹریشن سرٹیفکیٹ وغیرہ شامل ہوں گے۔ سی ڈی اے کے اعلیٰ عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرتے ہوئے میڈیا کو بنایا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت بلدیاتی اختیارات کے لئے اور واجبات کی ہموار منتقلی کے لئے ہم نے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرنی شروع کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے چیئرمین کی زیر صدارت آئندہ ہفتے ایک اجلاس میں تمام تفصیلات انہیں پیش کی جائیں گی۔ دریں اثناء سی ڈی اے کی انتظامیہ نے ڈائریکٹوریٹ کو منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے ہدایات کر دی ہیں جس حوالے سے باضابطہ خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔ تمام ڈائریکٹوریٹ کو ایک مخصوص طریقہ کار سے پلاٹ‘ مشینری‘ گاڑیوں اور دفتری سامان کی تمام تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔ سی ڈی اے ترجمان رمضان راجہ کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے نے تمام تر انتظامات کا از سر نو جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔