دارالحکومت کے ہسپتالوں میں انسانی جانوں کا ضیاع حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،بیرسٹر افتخار علی گیلانی

ہفتہ 13 جون 2015 15:21

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)مسلم لیگ (ن) کے رکن قانون ساز اسمبلی بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ دارالحکومت کے ہسپتالوں میں انسانی جانوں کا ضیاع حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ڈاکٹر وں کی عدم موجودگی کے باعث اعجاز چوہان کئی گھنٹے تڑپ تڑپ کر جان کی بازی ہار گیا ذمہ داران کیخلاف فوری کاروائی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے دارالحکومت کے ہسپتالوں میں ا یمرجنسی صورتحال کا سامنا کرنے کی صلاحیت موجود نہیں ہے ہیلتھ پیکیج میں مظفرآباد کو بری طرح نظرانداز کیا گیا ہے اور صرف ایک پوسٹ رکھی گئی ہے،جو کہ نا انصافی ہے،ریاست بھر کے ہسپتالوں میں عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ دارالحکومت کے ہسپتال سی ایم ایچ میں سٹی سکین ، ایکسرے مشین ، ایم آر آئی مشین نہیں چلائی جا رہی ہسپتالوں میں فرسٹ ایڈ پوسٹ کی طرح کام ہو رہا ہے ایک سو بیڈ کے ہسپتال میں دوسو سٹاف کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ امبور ہسپتال میں 350بیڈ کے ہسپتال کیلئے تین سو کا سٹاف انتہائی کم ہے سی ایم ایچ میں سٹاف کی فراہمی کے باوجود عوام ذلیل و خوار ہو رہے ہیں نواحی علاقوں میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں انتہائی بری حالت میں موجود ہسپتال عوام کو صحت کی سہولیات پہنچانے میں ناکام ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پیکیج سراسر دھوکہ ہے عوام حکمرانوں کی دھوکہ بازی سے تنگ آچکے ہیں دارالحکومت کی لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی کیلئے حکومت صحت کی سہولیات دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے آسامیاں نکال کر چیلوں کو نوازنے کا سلسلہ بند کیا جائے موجودہ حکمران عوام کے قاتل بن چکے ہیں انہیں خطہ کے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتالوں میں سٹاف مہیا کیا جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام پر موجودہ حکومت ایک عذاب کی طرح مسلط ہے موجودہ حکمران عیاشیوں میں مصروف عمل ہیں عوام کی بددعائیں حکمرانوں کا پیچھا کررہی ہیں اعجاز چوہان کو بہتر طبعی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے موت واقع ہوئی جس کے متعلقہ ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔