کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مسرت عالم بٹ کی سرینگرمنتقلی کے عدالتی احکامات ٹھکرا کر بے نقاب ہو چکے ہیں، جموں وکشمیر مسلم لیگ

ہفتہ 13 جون 2015 15:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) جموں وکشمیر مسلم لیگ نے غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی چیئرمین مسرت عالم بٹ کو کوٹ بھلوال جیل جموں سے سینٹرل جیل سرینگر منتقل کرنے سے قابض انتظامیہ کے انکار پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی سعید عدالتی احکامات ٹھکرا کر پور ی طرح سے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہائیکورٹ نے 2جون کو ایک حکم نامے میں قابض نتظامیہ کومسرت عالم بٹ کو کوٹ بلوال جیل جموں سے سینٹرل جیل سرینگر منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن انتظامیہ نے احکامات ماننے سے صاف انکار کیا ہے۔

مسلم لیگ جموں کشمیر کے قائمقام چیئر مین محمد یوسف میر نے سرینگر میں ا پنے ایک بیان میں کہا کہ مسرت عالم بٹ کو سراسر ایک جھوٹے مقدمے میں دوبارہ سے نظر بند کیا گیا اور انکے خلاف کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جہاں پاکستان کا پرچم لہرانا کوئی جرم یا غیر قانونی عمل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مفتی سعید نے آزادی پسندوں کے خلاف مظالم میں سابق کٹھ پتلی حکمرانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔

محمد یوسف میر نے کہا کہ مفتی سعید دراصل راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔ انہوں نے تنظیم کے کارکنوں جاوید احمد نجار اور سہیل احمد کول کے خلاف بھی بد نام زمانہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی پسند کشمیریوں کو اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔

متعلقہ عنوان :