کوئٹہ، محمدصدیق کھیتران نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مستعفی ہوکر آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن میں شمولیت کا اعلان کردیا

ہفتہ 13 جون 2015 16:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے سابق صوبائی آفس سیکرٹری محمد صدیق کھیتران نے اپنے ساتھیوں سمیت مستعفی ہوکر آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن میں شمولیت کااعلان کردیا۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو سابق ضلعی سینئر نائب صدر عجب خان کاکڑ اور دیگر اساتذہ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کی صوبائی قیادت نے ہر سطح کے انتخابات میں براہ راست بے جا مداخلت کا سلسلہ جاری رکھاہوا ہے آواز حق بلند کرنے والے اساتذہ کرام کے خلاف توہین آمیز انتقامی کارروائیاں عمل میں لائی جاتی ہیں امسال عین اس وقت جب وفاقی و صوبائی بجٹ پیش ہونے کو تھے اس موقع پر تنظیم کی جانب سے اساتذہ کیلئے مالی مراعات کے حصول کیلئے خصوصاًتنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ،پے اسکیلز ریوائز کرانے ، اعلیٰ تعلیم پر اضافی ترقیوں کی بحالی سمیت دیگر جائز مطالبات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کو پیش کرنے اوراسکی منظوری کیلئے مذاکرات کئے جاتے یا متعین حدود میں رہتے ہوئے اپنا احتجاج ریکاعرڈ کرایا جاتا لیکن افسوس کہ ایسا کرنے کی بجائے جی ٹی اے بی کی قیادت کی جانب سے صوبہ بھر میں ضلعی و صوبائی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا انکے اس عمل سے واضح ہوتا ہے کہ جی ٹی اے بی کی قیادت کو صوبہ بھر کے ہزاروں اساتذہ کرام کے اجتماعی مفادات نہیں بلکہ اپنی شہنشاہیت عزیز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ایس ٹی کی خالی اسامیوں پر ایسے اساتذہ جو بی اے ،بی ایڈ پاس کرچکے ہیں کیلئے 50فیصد کوٹہ مختص اوراس پراساتذہ کی بھرتی عمل میں لائی جائے اس مطالبہ کی 2006ء میں منظوری کے باوجود کئی سال گزرنے کے بعد بھی جی ٹی اے بی کی قیادت اور افسر شاہی کے مابین گٹھ جوڑ کی وجہ سے اس مطالبہ پر عملدرآمد نہیں کرایا جاسکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے سینئر اساتذہ کرام کو یہ سکایت رہی ہے کہ سینئر ترین اساتذہ کو نظر انداز کرکے انتہائی جونیئر اساتذہ کو انتظامی عہدوں پر فائز کیا جارہا ہے جس سے سینئر اساتذہ کی حق تلفی ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جی ٹی اے بی کی موجودہ نا اہل ، جابندار مفاد پرست قیادت کی وجہ سے اساتذہ کے ایجتماعی مفادات کے حصول کیلئے تنظیمی کارکردی صفر اور شخصی و ذاتی مفادات کیلئے 110ہوچکی ہے۔ محمدصدیق کھیتران نے کہا کہ ہم سابق صوبائی و ضلعی عہدیداران گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے سینکڑوں اساتذہ جی ٹی اے بی کی بنیادی رکنیت سے فوری طورپر مستعفی ہوکر آل گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ اے جی ٹی اے بی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں۔