وزیراعلیٰ پنجاب کے حلقہ 159 سے 67 پولنگ سٹیشنز سے فارم 15 نہیں مل سکے ،وزیراعلیٰ سندھ کے حلقہ پی ایس 29کا کوئی ریکارڈ موصول نہیں ہوا‘ خواجہ اظہار الحسن کے حلقے پی ایس 99 کے 112پولنگ سٹیشنز میں سے دو کے فارم غائب ہونیکاانکشاف

ہفتہ 13 جون 2015 16:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) 2013کے عام انتخابات مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو فارم 15سے متعلق بھجوائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے حلقہ 159 سے 67 پولنگ سٹیشنز سے فارم 15 نہیں مل سکے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے حلقہ پی ایس 29کا کوئی ریکارڈ موصول نہیں ہوا‘ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے حلقے پی ایس 99 کے 112پولنگ سٹیشنز میں سے دو کے فارم غائب ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انکوائری کمیشن نے صوبائی نشستوں کے فارم 15کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کردی ہیں جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حلقہ پی پی 159 کے 152 پولنگ اسٹیشنز میں سے 67 اور پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء الله کے حلقہ پی پی 70 کے 133 پولنگ اسٹیشنز میں سے 40 کے فارم 15 غائب ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حلقے کے 132 تھیلے بھی کھلے ہوئے ملے ہیں رپورٹ کے مطابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے حلقہ پی ایس 9 کے 105 پولنگ اسٹیشنز میں سے 63 سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے حلقہ پی ایس 99 کے 112 پولنگ اسٹیشنز میں سے دو کے فارم 15 غائب ہیں وزیرعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے حلقہ پی ایس 29 کا ریکارڈ موصول نہیں ہوا۔