پنجاب کا بجٹ کسان کا بجٹ ہے،زراعت کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے‘ ڈاکٹر فرخ جاوید

ہفتہ 13 جون 2015 16:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) حکومت پنجاب نے بجٹ 2015-16 میں زراعت کے شعبے کیلئے ریکارڈ144 ارب39کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے، صوبے کے چھوٹے کاشتکاروں اور کسانوں کو25000ٹریکٹر زمیرٹ کی بنیاد پرفراہم کرنے کیلئے5ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کیاگیا ہے، ٹریکٹرز کے علاوہ کسانوں کو دیگر زرعی آلات اور اشیاء فراہم کرنے کیلئے ایک ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے، دیہی علاقوں میں مرحلہ وار پروگرام کے تحت 150ارب روپے کی لاگت سے نئی سڑکیں تعمیر کرنے کا تاریخی پروگرام بھی شروع کیا جا چکا ہے جس کیلئے اس مالی سال میں 52ارب روپے کی خطیررقم رکھی گئی ہے،پنجاب کا بجٹ کسان کا بجٹ ہے ، زراعت کا شعبہ نئی بلندیاں چھوئے گا،پوٹھو ہار ریجن کو زیتون کی وادی بنا رہے ہیں اور اس منصوبے سے سالانہ اربوں روپے کے زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کسانوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اہم فصلوں کی پیداوار میں اضافے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے جن کے حوصلہ افزانتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ایریگیٹڈ ایگریکلچر کی صلاحیت بڑھانے کیلئے21ارب روپے سے PIPIPکا میگا پراجیکٹ جاری ہے۔

آئندہ مالی سال کے دوران اس پراجیکٹ کیلئے 4ارب 58کروڑ روپے کی رقم مختص کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت فراہم کی گئی سبسڈی کے زریعے ایک لاکھ بیس ہزار ایکڑ رقبہ پر ڈریپ اینڈ سپرینکلر اریگیشن کی تنصیب کی گئی ہے اور 9ہزار آبی گزرگاہوں کی اصلاح کی گئی ہے۔ انہوں نے کسان دوست اور حالات کے تناظر میں تاریخی بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر خزانہ کو مبارکباد پیش کی۔