ھنگو ،ضلعی حکومت کیلئے آزاد گروپ نے جمعیت علماء اسلام سے اتحاد کر لیا

علاقہ میں رواداری،برداشت اور سماجی ترقی کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے جمعیت کا حکومت میں آنا ضروری ہے،حاجی زیارت گل اورکزئی،سید عمر اورکزئی

ہفتہ 13 جون 2015 17:27

ھنگو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) ھنگو میں ضلعی حکومت کے لیے آزاد گروپ نے جمعیت علماء اسلام سے اتحاد کر لیا،جمعیت کو ضلع کونسل میں اکثریت حاصل ہو گئی،جمعیت کے ساتھ اتحاد اصولوں پر قائم کیا ہے،جمعیت کے ساتھ مل کر عوامی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے،علاقہ میں رواداری،برداشت اور سماجی ترقی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے جمعیت کا حکومت میں آنا ضروری ہے،آزاد گروپ کے ممبران حاجی زیارت گل اورکزئی،سید عمر اورکزئی اور سید جلیل پیر میاں کا پریس کانفرنس سے خطاب،آزاد گروپ نے پیسے کی سیاست اور خرید و فروخت کو مسترد کر کے با وقار سیاست کی بنیاد رکھی ہے،آزاد کروپ کو خوش آمدید کہتے ہیں ایم پی اے مفتی سید جنان،سابق ایم پی اے حاجی عتیق الرحمان۔

تفصیلات کے مطابق ھنگو کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی آ گئی،تین آزاد ممبران ضلع کونسل نے جمعیت علماء اتحاد کے ساتھ اتحاد کر لیا،آزاد ممبران حاجی زیارت گل اورکزئی،سید عمر اورکزئی،سید جلیل پیر میاں نے جمعیت علماء اسلام کے مشران،ایم پی اے مفتی سید جنان،سابق ایم پی اے حاجی عتیق الرحمان،جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سکریٹری مالیات، مولانا عزیز احمد اشرفی،حاجی نیازبت شاہ، مولانا تحسین اﷲ ڈاکٹر عابد اﷲ سات منتخب ڈسٹرکٹ ممبرآخوند زادہ عبید الرحمان،زماں نور بنگش،مولانا اسد،مولانا تجمل حسین ۔

(جاری ہے)

حاجی عبدالعزیز ،صاحب زاد گل ،مولانا واجد الرحمان کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باقائدہ جمعیت کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ جمعیت کے ساتھ اتحاد اصولوں کی بنیاد پر کیا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ جمعیت کے شانہ بشانہ ہم سماجی ترقی،امن کے قیام،میرٹ اور انصاف کی فراوانی،مظلوم کی حمایت اور علاقہ کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ڈسٹرکٹ نظامت کے لیے جس کو بھی سامنے لائے گی آزاد گروپ اس کی مکمل حمایت کرئے گا۔

اس موقعہ پر جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر اور ایم پی ائے مفتی سید جنان اور سابق ایم پی ائے حاجی عتیق الرحمان نے کہا کہ ضلع کونسل ھنگو کی انیس نشستوں میں سے سترہ کے سرکاری نتائج سامنے ائے ہیں اور تین آزاد ممبران کی حمایت کے بعد جمعیت کو ایوان میں دس ممبران کی حمایت حاصل ہو گئی ہے اور اکثریت کے بعد ضلعی حکومت بنانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد ممبران نے پیسے اور خرید و فروخت کی سیاست کو مسترد کر کے اعلی ظرفی اور نظریاتی سیاست کو فروغ دیا ہے جو ھنگو کی ترقی کے لیے نیک شگون ہے انہوں نے صوبائی حکومت سے کہا کہ جمعیت کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے اور حکومت سازی کے عمل میں روڑے نہ اٹکائے۔ورنہ سخت مزاحمت کا حکومت کو سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :