وزیراعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر جنگی بنیادوں پر گرڈسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر تنصیبات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اوراس مقصد کیلئے اربوں روپے کے فنڈز ریلیز کئے گئے ہیں، وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی

ہفتہ 13 جون 2015 18:18

فیصل آباد۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر جنگی بنیادوں پر گرڈسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر تنصیبات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اوراس مقصد کیلئے اربوں روپے کے فنڈز ریلیز کئے گئے ہیں۔ ماہ صیام میں صارفین کوسحر و افطار میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے بھرپور اقدام کئے جا رہے ہیں حتی الوسع کوشش ہو گی کہ سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ ہو۔

ملازمین اور افسران اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں اور صارفین کیلئے معاون ثابت ہوں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز فیسکوٹرانسفارمر ری کلمیشن ورکشاپ کے توسیعی منصوبے کے افتتاح اور ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پرا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف خصوصی مہم کے دوران ملک بھر میں لاکھوں یونٹس بچائے گئے۔

انھوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کو گھر بھجوا دیا جائے گااور ان کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی ہو گا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں اللہ کے آگے جوابدہ ہونا ہے لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری سے نبھائیں۔ انھوں نے بجلی چوری کے خلاف سپیشل سرویلنس ٹیموں کو مزید متحرک کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انھوں نے انجینئرز اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ صارفین سے رابطہ کو مزید بہتر بنائیں غفلت اور کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ٹرانسفارمر ری کلمیشن ورکشاپ کے توسیعی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمداسلم نے بتایا کہ صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے مذکورہ ورکشاپ 2003ء میں قائم کی گئی تھی جس کابنیادی مقصد مناسب قیمت پر صارفین کو معیاری ٹرانسفارمرکی مرمت فراہم کرنا تھا اس سے نہ صرف صارفین کی لاگت بلکہ ان کے قیمتی وقت کی بھی بچت ہو رہی ہے۔

انھیں کم وقت میں ٹرانسفارمروں کی معیاری مرمت گارنٹی کے ساتھ مہیا کی جا رہی ہے۔ اس سے کمپنی کے ریونیو میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 2003سے اب تک 28ہزار 8سو 89ٹرانسفارمروں کی میجر ریپرنگ (Major Repairing)جبکہ 10ہزار 8سو 38ٹرانسفارمر وں کی مائنر رپیرنگ کی جا چکی ہے۔ اس سے فیسکو کو 704ملین کی بچت ہوئی ہے۔ توسیعی منصوبے پر 2کروڑ 36کی لاگت آئی ہے اس توسیع کے بعد اب سالانہ 24سو کی بجائے 5 ہزار ٹرانسفارمروں کی مرمت کی جا سکے کی جبکہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ توسیعی منصوبے پر خرچ ہونے والی لاگت چھ ماہ میں پوری ہو جائے گی جس پر وزیر مملکت پانی و بجلی نے چیف ایگزیکٹو فیسکو اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دیگر کمپنیوں کے لئے قابل تقلید قرار دیاانھوں نے ٹرانسفارمر ری کلمیشن ورکشاپ کے افسران اور ملازمین کیلئے ایک بنیادی تنخواہ بونس دینے کا اعلان کیا۔

بعدازاں انھوں نے ورکشاپ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر چئیرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹر خرم مختار، ایم پی اے طاہر جمیل، فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر حمید چوہدری، جنرل مینجر آپریشن اختر رندھاوا فیسکو کے چیف انجینئرز اور دیگر افسران کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔