زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں خواتین کیلئے جدید ترین جمنازیم، سکواش کورٹ اور سوئمنگ پول تعمیر کیا جائیگا، ڈاکٹر اقرار

ہفتہ 13 جون 2015 18:19

فیصل آباد۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں خواتین کے لئے جدید ترین جمنیزیم ، سکواش کورٹ اور سوئمنگ پول تعمیر کیا جائیگا تاکہ طالبات تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور جسمانی صحت کے حوالے سے سہولیات حاصل کر سکیں۔ ان باتوں کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے آفس آف چیف ہال وارڈن کے زیر اہتمام منعقدہ اولین انٹر ہاسٹلز سپورٹس گالابرائے خواتین کی تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ کیمپس کو ڈیزائن کرتے وقت منصوبہ سازوں نے کبھی سوچا بھی نہ ہوگا کہ یہاں کسی زمانے میں خواتین بھی داخلہ حاصل کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت طالبات کی مجموعی تعداد 40%سے تجاوز کر چکی ہے اور آنے والے سالوں میں تعداد کے لحاظ سے خواتین مردوں کو پیچھے چھوڑ جائینگی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ہمیں نئے سرے سے خواتین کے لئے انفرا سٹرکچر تعمیر کرنا پڑرہا ہے ، جس کے لئے خطیر وسائل درکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اساتذہ کی خالی اسامیوں پر ہونے والے انٹرویوز کے دوران خواتین مردوں کے مقابلے میں بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا حصہ وصول کر رہی ہیں۔ ان سے پہلے یونیورسٹی کے چیف ہال وارڈن پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے 2000 طالبات کیلئے دو ہاسٹلز تعمیر کرنے کیلئے گرانٹس جاری کر دی گئی ہیں جن پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمدنی سہولیات فراہم کرنے کے لئے انتظامیہ ترجیحی کاوشیں بروئے کا ر لا رہی ہے۔ خاتون ہال وارڈن ڈاکٹر بشریٰ سعدیہ نے کہا کہ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین سپورٹس گالا منعقد کیا گیا جس میں 7ہاسٹلز کی 163طالبات نے اتھلیٹکس، رسہ کشی، بیڈمنٹن ، باسکٹ بال، ریلے ریس، ٹیبل ٹینس سمیت 8 کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پوزیشنیں حاصل کیں۔

چیئرمین سپورٹس بورڈ ڈاکٹر احسان الحق نے کہا کہ اس سال پہلی مرتبہ یونیورسٹی کی طالبات نے انٹر یونیورسٹی کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا اور بہترین نمائندگی کی، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ سال طالبات ابتدائی پوزیشنیں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گی۔یونیورسٹی سیلیکشن بورڈ کی رکن مسز رابعہ سلطان نے مہمان خصوصی کے ہمراہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور طالبات میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :