حبیب بینک ریجنل ہیڈ کوارٹر کی بالائی منزل پر شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے نتیجے میں مسجد شہید ہو گئی

ریسکیو نے بروقت کارروائی کرکے آگ پر قابو پالیا،اے سی پلانٹ تک آگ پہنچنے کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر نقصان کا اندیشہ تھا ‘ بینک ذرائع ساندہ روڈ پر شوز فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا ؓ

ہفتہ 13 جون 2015 18:29

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء ) حبیب بینک ریجنل ہیڈ کوارٹر کی بالائی منزل پر شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے نتیجے میں مسجد شہید ہو گئی ، ریسکیو اداروں نے بروقت کارروائی کرکے آگ کو پھیلنے سے روک دیا ،جبکہ ساندہ روڈ پر شوز فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا ۔ بتایاگیا ہے کہ گزشتہ روز دوپہر کے مال روڈ پر واقع حبیب بینک ریجنل ہیڈ کوارٹر کی بالائی منزل میں بنائی گئی مسجد میں شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پا لیا ۔ بینک ذرائع کے مطابق مسجد کے ساتھ ہی اے سی پلانٹ بھی نصب ہے اگر آگ اس تک پہنچ جاتی تو وسیع پیمانے پر نقصان کا اندیشہ تھا ۔

(جاری ہے)

مزید بتایاگیا ہے کہ مذکورہ عمارت میں پورے پنجاب کو کنٹرول کرنے کے لئے سسٹم موجود ہے اور آگ پھیلنے کے نتیجے میں ریجنل ہیڈ کوارٹر اوربرانچوں میں رابطے میں تعطل کے باعث بھی صارفین کے لئے مشکلات پیدا ہو سکتی تھیں ۔

دوسری طرف لاہور میں ساندہ بندر ورڈ پر شوز فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔فیکٹری تنگ گلی میں واقع ہونے کے باعث ریسکیو عملے کو امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے بڑی مہارت سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکتے ہوئے اس پر قابو پالیا۔آتشزگی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :