ملتان‘ مکان کی چھت گرنے سے 2بچیوں سمیت 5خواتین جاں بحق ‘ 2زخمی

ایک ساتھ پانچ جنازے اٹھنے پر علاقہ بھر میں کہرام مچ گیا‘ ورثا دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ہر آنکھ اشکبار

ہفتہ 13 جون 2015 18:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء ) مکان کی چھت گرنے سے 2بچیوں سمیت 5خواتین جاں بحق ہو گئیں 2زخمی ، ایک ساتھ پانچ جنازے اٹھنے پر گھر میں کہرام مچ گیا ، ورثا دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ہر آنکھ اشکبار۔ تفصیلات کے مطابق وہاڑی روڈ کے علاقے خواجہ غریب آباد میں عبدالمجید نامی شخص کے اہل خانہ صبح ناشتہ کرنے میں مصروف تھے کہ ایک کمرے کی چھت اچانک گر گئی جس کی وجہ سے اہل خانہ ملبے تلے دب گئے ۔

ریسکیو 1122نے موقع پر پہنچ کر چار خواتین اور تین بچوں کو ملبے سے نکال کر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پچاس سالہ صابرہ بی بی ، عطیہ بی بی ، 30 سالہ رضیہ ، 2سالہ ماہم اور ۳ سالہ اریبہ بی بی دم توڑ گئیں۔ گھر کے سربراہ عبدالمجید کے مطابق وہ اپنے گھر میں نیا کمرہ تعمیر کروا رہے تھے، زیر تعمیرکمرے کی اینٹیں اوریگر ملبہ دوسرے کمرے کی چھت پر رکھا تھا ، وزن برداشت نہ کر سکنے کی وجہ سے چھت نیچے آ گئی ، مرنے والوں میں عبدالمجید کی بیوی صابرہ ، بہو رضیہ ، دو پوتیاں اور فیصل آبادسے آئی ہوئی ایک مہمان خاتون عطیہ بی بی جو کہ عبدالمجید کی سالی تھی شامل ہیں، میتیں نشتر ہسپتال سے گھر لائی گئیں تو وہاں کہرام مچ گیا، ایک ساتھ پانچ جنازے اٹھنے پر لواحقین ، ان کے عزیز و اقارب اور اہل علاقہ اشکبار تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حادثہ میں عبدالمجید کی دوسری بہو30سالہ عبیلہ بی بی اور پوتاپانچ سالہ حیدر علی نشتر ہسپتال میں زیرعلاج ہیں ، ڈاکٹروں کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔