عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وکلاء کا کلیدی کردار ہے، وکلاء کو اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران غریب ، پسماندہ اور محروم طبقے کو ریلیف دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے، وکلاء آئین اور قانون کے رکھوالے اور معاشرے میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ اپنا فعال کردار ادا کیا ہے

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی پاکپتن اور راولپنڈی ہائیکورٹ بارایسوسی کے وفود سے گفتگو

ہفتہ 13 جون 2015 18:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وکلاء کا کلیدی کردار ہے جنہیں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران غریب ، پسماندہ اور محروم طبقے کو ریلیف دینے کیلیے زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے- انہو ں نے کہا کہ وکلاء آئین اور قانون کے رکھوالے ہیں جنہوں نے معاشرے میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ اپنا فعال کردار ادا کیا ہے - وہ ہفتہ کو پاکپتن ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن اور راولپنڈی اسلام آباد ہائیکورٹ بارایسوسی سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے -ایڈووکیٹ پیر اشرف قریشی کی قیادت میں پاکپتن ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے وفد سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ معاشرے میں قانون کی آگاہی پیدا کرنے کے لیے سکول اور کالجز کی سطح پر قانون کی بنیادی تعلیم دینا ہو گی اور عوام میں یہ شعور بیدار کرنا ہو گا کہ ہم سب کی بہتری قانون پر عملدرآمد میں ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاء کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے اور ان کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈ ز مختص کیے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ وکلاء کی بہتری کے لیے چھوٹے شہروں کی بارز کو اولین ترجیح دی جائے گی- گورنر پنجاب نے پاکپتن میں وکلاء کے لیے ڈسپنسری کی تعمیر اور لائبریری میں ضروری سہولتیں فراہم کرنی کی یقین دہانی کرائی اور وفد کے مطالبے پر بہت جلد پاکپتن شریف کرنے کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا - راولپنڈی ہائی کورٹ بارایسویشن کے صدر شیخ محمد سلیمان کی قیادت میں آئے ہوئے وکلا کے وفد سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ وہ خود کو وکلاء کا نمائندہ سمجھتے ہیں کیونکہ انہوں نے تمام عمر اس شعبے سے وابستہ رہ کر وکلاء کے مسائل کوبہت قریب سے دیکھا ہے-انہوں نے کہاکہ وکلاء ہمارے معاشرے کا وہ پڑھا لکھا طبقہ ہے جو معاشرے میں شعور اور آگاہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں - گورنر پنجاب نے کہا کہ جن قوموں نے بلا تفریق و امتیاز قانون پر عملدرآمد کویقینی بنایا اور عوام کو ان کی دہلیز پر انصافراہم کیا آج وہی قومیں دنیا پر راج کر رہی ہیں - انہو ں نے کہا کہ ہمیں بھی اپنی تمام تر توانائیاں انصاف کا بول بالا کرنے ،خصوصا پسماندہ طبقے کو ریلیف دینے پر صرف کرنا ہوں گی-وکلاء نے اس موقعے پر گورنر پنجاب کو صوبے کے آئینی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی تعیناتی میرٹ پر عملدرآمد کے حکومتی وژن کاثبوت ہے کیونکہ جنوبی پنجاب سے ایک پارٹی ورکرکو پنجاب کی آئینی کمان سونپی گئی ہے- وکلا کے وفد میں صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ علیم خان عباسی اور سیکرٹری جنرل ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راوالپنڈی محمد فیصل بٹ بھی شامل تھے۔