` بھارت کی طرف سے کسی قسم کی جارحیت کاتو پوری قوم منہ توڑ جواب دے گی‘ طاہر اشرفی

روہنگیا اور برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں گے،پاکستان ،سعودی عرب اور دیگر پڑوسی ممالک کو سمندر میں در بدر بھٹکنے والے روہنگیا کے مسلمانوں کیلئے رہائشی کیمپ قائم کرکے انہیں آباد کریں، صحافیوں سے گفتگو`

ہفتہ 13 جون 2015 19:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) بھارت خطے کا امن تباہ کرنے سے باز رہے ۔ ہندوستان کی طرف سے کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو پوری قوم منہ توڑ جواب دے گی۔نریندر مودی کے انتہاپسندانہ بیانات سے خطے میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کو فروغ مل رہا ہے۔روہنگیا اور برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔پاکستان ،سعودی عرب اور دیگر پڑوسی ممالک کو سمندر میں در بدر بھٹکنے والے روہنگیا کے مسلمانوں کیلئے رہائشی کیمپ قائم کرکے انہیں آباد کریں۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قطر روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور پاکستانی قوم نے ہمیشہ خطے میں امن ،بھائی چارے کے فروغ کیلئے کوششیں کی ہیں مگر بھارت نے ہمیشہ اپنی منافقانہ پالیسیوں کو اختیار کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان بھارتی وزیر اعظم اور وزراء کے بیانات کیخلاف عالمی عدالت میں جائے۔

پاکستانی عوام اور مسلح افواج ملکی سلامتی اور جغرافیائی حدود کی حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستانی کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے کسی قربانی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان خطے میں پائیدار قیام امن کا خواہاں ہے مگر بھارت کی طرف سے پاکستان کے دوستانہ تعلقات کی خواہش کا کبھی بھی مثبت جواب نہیں دیا یہی وجہ ہے کہ یہ خطہ ترقی کی دوڑ میں باقی دنیا سے پیچھے رہ گیا ہے۔

بھارت کے جارحانہ بیانات کے مقابلہ کیلئے پوری پاکستانی قوم تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی بھارت کے انتہا پسندانہ سوچ رکھنے والے وزیر اعظم ہیں اور بھارتی گجرات کے مسلمانوں کے قتل عام کا داغ بھی نریندر مودی کے دامن پر لگا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہندوستان سے ہضم نہیں ہورہی۔ اس لئے بھارت پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ناکام کرنے کیلئے سازشیں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے سے ہندوستان کے اندر اقلیتیں بھی غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔