شانگلہ میں تین جماعتوں کی نہیں ،عوام کی حکومت ہو گی ، باہمی مشاورت سے ملکر حکومت چلائیں گے ،انجینئرا میر مقام

شانگلہ کی سیاسی قیادت نے برد باری ،دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چمک کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ،مبارکباد کے مستحق ہیں، ظہرانے سے خطاب

ہفتہ 13 جون 2015 19:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیراعظم کے مشیر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ شانگلہ میں تین جماعتوں کی نہیں بلکہ شانگلہ کے عوام کی حکومت ہو گی ، باہمی مشاورت سے ملکر حکومت چلائیں گے ، شانگلہ کی سیاسی قیادت نے برد باری اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شانگلہ سے چمک کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز مالم جبہ میں اپنی رہائش گاہ پر سہ فریقی اتحاد کے نو منتخب ضلعی و تحصیل کونسلرز کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر افسر الملک ، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر و سابق سنیٹر مولانا راحت حسین ،رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان ، سابق ایم پی اے حامد اقبال سمیت مسلم لیگ ن ، پی پی پی و جمعیت علماء اسلام کے تمام ضلعی و تحصیل کونسلرز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شانگلہ کے مفادات کیلئے مشترکہ جدوجہد کرینگے شانگلہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرینگے انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر تمام فیصلے کئے جائیں گے اور کسی کی حق تلفی نہیں کی جائے گی امیر مقام نے تمام نو منتخب کونسلروں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ۔