اشیاء صرف کی قیمتوں میں بلاجواز ، غیرقانونی ،بلا وجہ اضافہ قابل تشویش ہے ،غنویٰ بھٹو

منافع خور تاجروں نے اشیاء صرف کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے ،چیئرپرسن پیپلزپارٹی(شہیدبھٹو)

ہفتہ 13 جون 2015 19:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی (شہیدبھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے آئندہ سال کے قومی بجٹ کے اعلان سے قبل عوامی استعمال میں لائی جانے والے اشیاء صرف کی قیمتوں میں بلاجواز ، غیرقانونی اور بلا وجہ اضافہ پر اپنے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ سترکلفٹن سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ آئندہ قومی بجٹ میں بعض اشیاء صرف پر ٹیکس نہ لگایا جائے لیکن منافع خور تاجروں نے ایسی اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے لیکن وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومتیں قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کا نہ تو کوئی نوٹس لے رہی ہے اور نہ ہی کوئی اقدام کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اشیاء صرف کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کی واحد صورت یہ ہے کہ منافع خور اور عوام دشمن تاجر اسی حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ حکمران طبقہ خود غضبناک کرپشن اور قومی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں اور انہیں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ وہ اقتدار کو طول دینے سیاسی شعبدہ بازی اور مصلحت کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ہو یا نام نہاد اپوزیشن الیکٹرونک میڈیا یا پرنٹ میڈیا کے توسط سے ایسے فروعی ، بلامقصد نان اشوز پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے جسکا واحد مقصد عوام کی توجہ انکے اپنے سنگین نوعیت کے مسائل سے ہٹانا ہے ۔ محترمہ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی منظر پر رونما ہونے والے مسائل پاکستان کے حکمرانوں کیلئے نوشتہ دیوار ہیں لیکن ملکی حکمران طبقہ ہوس اقتدار میں اپنی روش سے ہٹ کر عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات بروئے کار لانے کیلئے تیار نہیں۔