پیسکوحکام صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوور لوڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں،محمودخان

ہفتہ 13 جون 2015 19:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے تحصیل مٹہ سوات میں بجلی کی غیر اعلانیہ ، ظالمانہ لوڈ شیٹنگ اورکم وولٹیج پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پیسکو کے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوور لوڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے اپنی رہائش گاہ مٹہ سوات میں مٹہ بازار ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران بجلی سے متعلق شکایات سننے کے بعد دیں۔

وفد کی قیادت مٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عبد القیوم اور جنرل سیکرٹری عثمان غنی نے کی جبکہ اس موقع پر یونین کونسل مٹہ خریڑئی کے منتخب ضلعی ممبر احمد خان بھی موجود تھے۔وفد نے صوبائی وزیر کو مٹہ بازار میں ناروا لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے سلسلے میں درپیش مشکلات سے تفصلی طور پر آگاہ کیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے کاروبار ختم ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ بغیر شیڈول لوڈ شیڈنگ اور کم وولڈیج کے بارے میں درپیش مشکلات کے ازالے کے سلسلے میں پیسکو اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے اس اہم نوعیت کے معاملے کے فوری حل کیلئے ٹھوس و عملی اقدامات اٹھائیں گے تاکہ یہاں کے متاثرہ کاروباری و رہائشی عوام کو ریلیف ملنے کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو دوبارہ فعال اور بحال کیا جا سکے۔وفد نے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اتوار کے دن مٹہ بازار ایسوسی ایشن کی جانب سے پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کی ہڑتال کے پروگرام کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔