`بچے ہمارا مستقبل ہیں ،ڈاکٹر احسان صادق

بچوں پر خصوصی توجہ سے قوم تیزی سے ترقی کرتی ہے،آر پی او بہاولپور`

ہفتہ 13 جون 2015 21:06

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور ڈاکٹر احسان صادق نے کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور جس معاشرے میں بچوں کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے وہ قوم تیزی سے ترقی کرتی ہے۔ وہ یہاں پولیس لائن میں بچوں کا ایک دن پولیس کے ساتھ منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈی پی اوسرفراز احمد فلکی، پولیس شہری رابطہ کمیٹی کے چیئر مین ڈاکٹر رانا محمد طارق اور مختلف سکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔

آر پی او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ہماری نئی نسل کو اس سے مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن ہمیں اس سے گھبرانے کی بجائے دہشت گردوں کا جرأت سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی ختم ہو رہی ہے اور حکومت نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے مل کر ایسا ٹھوس اور مربوط لائحہ عمل مرتب کیا ہے جس کے ذریعے ہم دہشت گردی کو ختم کر کے دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ پاکستان کو پرامن، خوشحال ملک بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل حضرت قائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط اور مستحکم ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ڈی پی او سرفراز احمد فلکی نے کہا کہ آج کے بچوں نے کل ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے اور انہوں نے مختلف ملکی اداروں میں خرابیوں کو ختم کرنا ہے۔

تقریب میں بچوں کو ٹریفک قوانین اور قواعد و ضوابط سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر بچوں نے مختلف ٹیبلوز بھی پیش کئے۔ قبل ازیں بچوں نے تھانہ بغداد الجدید، 15 اور ڈی پی او آفس کا بھی دورہ کیا۔شہری رابطہ کمیٹی کے چیئر مین ڈاکٹر رانا محمد طارق نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ممتاز سماجی رہنما جمشید کریم نے سرانجام دیئے۔ آخر میں تقریب میں شرکت کرنے والے بچوں میں تحائف اور انعامات تقسیم کئے گئے`