` اقتدارپر قابض مخصوص خاندانوں نے عوامی مسائل حل کرنیکی کوشش نہیں کی، چوہدری سرور

تحریک انصاف اقتدار میں آکر حقیقی معنوں میں عوام کی زندگیوں میں تبدیلی برپا کردیگی، کارکنان کے اجتماع سے خطاب`

ہفتہ 13 جون 2015 21:12

کالاشاہ کاکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء )آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سالہا سال سے اقتدارپر قابض مخصوص خاندانوں نے کبھی بھی عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش نہیں کی، تحریک انصاف اقتدار میں آکر حقیقی معنوں میں عوام کی زندگیوں میں تبدیلی برپا کردیگی۔وہ گذشتہ روز چوہدری علی اصغر بھلہ ایڈووکیٹ کے ڈیرہ پر پارٹی کارکنان کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر صوبائی رہنماء چوہدری علی اصغر بھلہ ایڈووکیٹ، میاں عبد القیوم ، ریاض اسلم بھلہ ، قیصر ذوالفقار بھٹی، رانا راشد ، نقیب اللہ ، گل ولی خان، جمشید بٹ، بشیر مغل سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ انہوں نے گورنر شپ صرف اس لئے چھوڑی کیونکہ وہ اس عہدہ پر رہنے کے باوجود عوامی کی فلاح اور مسائل کو حل کرنے کا اختیار نہیں رکھتے تھے ، گذشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کے اقتدار پر باری باری قبضہ کرنیوالے حکمران عوام کو انکے حقوق دینا نہیں چاہتے ، پنجاب سمیت ملک بھر میں عوام کی ایک بڑی تعداد شدید ترین مشکلات سے دور چار ہے مگر کئی کئی سال پر اقتدارپر قابض خاندانوں اور سیاسی جماعتوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اب وقت آچکا ہے کہ عوام عمران خان کے شانہ بشانہ نئے پاکستان کیلئے جدوجہد شروع کرے جہاں عوام کو انکے بنیادی حقوق سمیت تمام ضروری سہولیات گھر کی دہلیز پر فراہم کی جاسکے ۔ چوہدری محمد سرور کا کہناتھا کہ دھاندلی کے ذریعے حکومت میں آنیوالے لوگ جمہوری نظام کو متاثر کررہے ہیں ، جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے ضروری ہے کہ انتخابی نظام میں اصلاحات کرکے اسے حقیقی معنوں میں عوامی بنایا جائے جس سے ایک عام آدمی بھی پارلیمنٹ تک پہنچ کر اپنے مسائل کو اپنے ہاتھوں سے حل کرسکے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی آمد آمد ہے تحریک انصاف پنجاب کے تمام حلقوں سے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گئی جس کیلئے کارکنان آج سے ہی تیاریاں شروع کردیں پارٹی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ نئے پاکستان کا سفر شروع ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی میں نظریاتی اور مخلص کارکنان کو عہدوں پر فائز کیا جائیگا `