`ورلڈ پاسبان ختم نبوت کی برمی مسلمانوں پر مظالم کیخلاف احتجاجی ریلی

مظالم پر عالم اسلام کی بے حسی وعالمی اداروں کی خاموشی مجرمانہ ہے ‘ علامہ ممتاز اعوان ودیگر`

ہفتہ 13 جون 2015 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے سینکڑوں ورکز نے برمی مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے انسانیت سوز مظالم کیخلاف جامع مسجد سیدہ فاطمتہ الزھرا  سے ورکشاپ چوک گلبرگ تک ایک بھرپور احتجاجی ریلی نکالی اور بدھو کے وحشیانہ مظالم کیخلاف شدید احتجاج کیا ریلی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیر سلمان منیر،علامہ محمد ممتاز اعوان ، مفتی سید عاشق حسین ، ڈاکٹر شاہد نصیر ، قاری محمد حنیف حقانی اورحافظ شعیب الرحمن نے برمی مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل غارت گری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان مظالم پر عالم اسلام کی بے حسی ، عالمی اداروں اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیموں کی خاموشی انتہائی مجرمانہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کے وحشیانہ قتل ِ عام سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں اور عالمی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں ان سے یہ عزائم ظاہر ہوتے ہیں کہ یو این او ،سلامتی کونسل محض عالم کفر کے مفادات کے تحفظ کے ادارے بن چکے ہیں مسلم حکمرانوں نے اب بھی آنکھ نہ کھولی تو پھر تباہ و بربادی اور ذلت و رسوائی ہمارا مقدر ٹھہرے گی اور مسلم امہ کی اس تباہ و بربادی پر تاریخ ہمیں کبھی بھی معاف نہیں کرے گی ۔