آپریشن ضرب عضب میں گزشتہ ایک سال کے دوران 2,763 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، دہشتگردوں کے 837 خفیہ ٹھکانے تباہ اور253 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمدکیا گیا،پاک فوج کے 347 افسران اور سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا، ترجمان پاک فوج

ہفتہ 13 جون 2015 21:48

راولپنڈی ۔ 13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں گزشتہ ایک سال کے دوران 2,763دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، دہشت گردوں کے 837 خفیہ ٹھکانے تباہ اور 253 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئے گئے 9 ہزار آپریشنز میں ہزاروں دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا اور شہروں میں 218 دہشت گرد مار دیئے گئے۔

ضرب عضب کا ایک سال مکمل ہونے پر ہفتہ کو آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل باجوہ نے سوشل میڈیا پر ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ فوجی آپریشن ضرب عضب میں گزشتہ ایک سال کے دوران 2763 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ آپریشن کے دوران پاک آرمڈ فورسز کے 347 افسران اور سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہا کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں سے بھاری اور ہلکی مشین گنوں، سنائپرز ، راکٹ لانچرز اور اے کے 47 سمیت 18,087 ہتھیار برآمد کیے گئے۔

آئی ایس بی آر کے مطابق فاٹا خصوصاً شمالی وزیرستان ایجنسی اور خیبر ایجنسی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانے، کمیونیکیشن انفراسٹرکچر اور پناہ گاہیں تباہ کردی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پوری قوم متحد ہوگئی ہے۔ دہشت گردی کا خطرہ ختم کرنے میں میڈیا اور سول سوسائٹی مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلح افواج دہشت گردی سے پاک پاکستان کیلئے تعاون جاری رکھیں گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے باعث چین کے صدر اور دیگر عالمی رہنماؤں نے پاکستان کے دورے کئے۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان بھی کامیابی سے ختم ہوا۔ انہوں نے لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کھیلے۔

متعلقہ عنوان :