سینیٹراسحاق ڈار سے پی بی اے، اے پی این ایس اورسی پی این ای کے وفد نے ملاقات

پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ایڈورٹائزنگ پر ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

ہفتہ 13 جون 2015 22:43

اسلام آباد ۔ 13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے ہفتہ کو یہاں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن، اے پی این ایس اور سی پی این ای کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں حمید ہارون، مجیب الرحمان شامی، رحمت علی راضی، ارشد زبیری، جمیل اطہر، میر ابراہیم الرحمان، باسط ریاض شیخ، بلال لاکھانی اور نوید کاشف شامل تھے۔

وفد نے وفاقی وزیر خزانہ کے ساتھ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ایڈورٹائزنگ پر ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وفد کی توجہ ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع سے متعلق حکومت کو درپیش چیلنجوں کی جانب مبذول کرائی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے اس دائرہ کار سے باہر اقتصادی سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانے پی بی اے، اے پی این ایس اور سی پی این ای کے میڈیا میں ٹیکس نیٹ سے باہر اداروں کو اس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے تعاون کو سراہا اور کہا کہ اگر ایڈورٹائزنگ بزنس کے بڑے پوشیدہ حصہ کو ٹیکس نیٹ میں لایا گیا تو اس سے قومی آمدن میں اضافے میں مدد ملے گی۔ وفد نے معیشت کی ترقی اور محصولات میں اضافے کیلئے حکومتی کوششوں کی تعریف کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔