ہمیں ایسا علم دیا گیا ہے کہ چیونٹی پر بھی پاؤں نہ پڑے،پرویز رشید

پانچویں بجٹ میں تعلیم کے بجٹ کا ٹارگٹ حاصل کر لیا جائے گا، حکومت کا کردار ماں کی طرح ہوتا ہے وہ اپنی عوام کیلئے وہ کچھ کرے جو اس کے بس میں نہ ہو، ‘ وفاقی وزیر اطلاعات کا تعلیمی سیمینار سے خطاب

ہفتہ 13 جون 2015 22:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جو علم قوم کو تقسیم کر دے، بے گناہ سکول کے بچوں کو درندگی کا نشانہ بنا کر شہید کر دے، مساجد و امام بارگاہوں پر حملہ کر کے جنت کا ویزہ لیں یہ علم نہیں بلکہ جہالت ہے اور اس جہالت کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا علم دیا گیا ہے کہ چیونٹی پر بھی پاؤں نہ پڑے۔

بلی سے پیار کرنا سکھایا گیا ہے۔ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا تھا کہ علم کیلئے اگر چین بھی جانا پڑے تو جاؤ۔ کیا چین میں اسلامی علم پڑھایا جاتا ہے۔ اچھا علم جہاں سے بھی ملے حاصل کرنا چاہئے۔ اس کے لئے روس، انگلستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب جانا پڑے علم سیکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہال میں ایجوکیشن سیمینار سے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو شہروں کے ساتھ دیہاتوں اور پسماندہ علاقوں میں سکولز بنائیں تاکہ کم آمدنی والے اور استطاعت نہ رکھنے والے بچے بھی بہتر تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی سکولز شہروں میں اخراجات پورے کرنے کیلئے بھاری فیسیں آسانی سے موصول کر لیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری سکول سو فیصد تعلیم دینے میں ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔

اس کی کئی وجوہات ہیں کہیں سکولز نہیں اور کہیں اساتذہ موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کو سکول بھیجنے کی بجائے کام کاج پر لگا دیتے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں تعلیم کا بجٹ 4 فیصد کرنے کا عہد کیا تھا جو کہ بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے اور پانچویں بجٹ میں ٹارگٹ حاصل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پسماندہ علاقوں کے ماسٹر ڈگری ہولڈرز کو رقوم دیں اور ان بچوں کو لیپ ٹاپ اور سولر سسٹم انعام کے طور پر دیئے جن کے والدین اچھی پوزیشن پر انہیں انعام نہیں دے سکتے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا کردار ماں کی طرح ہوتا ہے وہ اپنی عوام کیلئے وہ کچھ کرے جو اس کے بس میں نہ ہو۔