ضلع ساوٴتھ کی ملٹی اسٹوریز بلڈنگز اور کمرشل پلازاوٴں کی پارکنگ ٹریفک پولیس کے حوالے کردی جائے گی،کمشنر کراچی

ہفتہ 13 جون 2015 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ ضلع ساوٴتھ کی ملٹی اسٹوریز بلڈنگز اور کمرشل پلازاوٴں کی پارکنگ ٹریفک پولیس کے حوالے کردی جائے گی وہ بلڈ نگز اور کمرشل پلازہ جو اپنی پارکنگ استعمال نہیں کرتے ان بلڈنگز کی پارکنگ ضلع ساوٴتھ کے ڈپٹی کمشنر ٹریفک پولیس کے حوالے کردیں یہ فیصلہ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس کراچی سے ہونے والی ملاقات میں کیا ، انہوں نے کہاکہ ضلع ساوٴتھ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباوٴاور پارکنگ کے مسائل کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا، بلڈنگز اور پلازہ والے اپنی پارکنگ ہونے کے باوجود استعمال نہیں کرتے اور بلڈنگز کے نیچے اور نزدیک اپنی گاڑیاں اور بائیکس پارک کردیتے ہیں جس سے شہریوں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا ہے بے جا پارکنگ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑتا ہے اور چند لوگوں کی لاپرواہی کی وجہ سے ہزاروں شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، کمشنر کراچی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور یہ تمام اقدامات عوامی مفاد اور عوامی سہولیات کے پیش نظر کئے جارہے ہیں تاکہ کراچی کے شہریوں کو رمضان المبارک میں ٹریفک جام سے بچایا جا سکے ، انہوں نے ضلع ساوٴتھ کے ڈپٹی کمشنر سلیم راجپوت کو ہدایت دیں کہ تمام ملٹی اسٹوریز بلڈنگز کی پارکنگ اپنے کنٹرول میں لے کے میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں ٹریفک پولیس کے حوالے کردی جائے

متعلقہ عنوان :