بھارت بھول کربھی پاکستان پر حملہ کی غلطی نہ کرے ورنہ اس کا وجود دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا،ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

ہفتہ 13 جون 2015 22:58

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی)و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے کہا ہے کہ بھارت بھول کربھی پاکستان پر حملہ کی غلطی نہ کرے ورنہ اس کا وجود دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا، جنرل راحیل شریف کا بیان قومی امنگو ں کا ترجمان ہے وزیر اعظم نواز شریف خاموشی ختم کر کے بھارتی جارحیت کا جواب دیں۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ زبیر نے ایک بیان میں بھارتی وزر اعظم نریندرمودی کے جارحانہ بیانات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ہندو انتہا پسندانہ، دھشت گردانہ عزائم رفتہ رفتہ بے نقاب ہوتے جارہے ہیں بھارت نے اگر میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھنے کی غلطی کی تو پاکستان کے غیور عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجانے کا جذبہ رکھتے ہیں، پاکستان اسلام کا قلعہ اورایٹمی صلاحیتوں سے مالا مال ہے جس کا میزائل نیٹ ورک لمحہ بھر میں ہندوستان کے دانت کھٹے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لہذابھارت بھول کربھی پاکستان پر حملہ کی غلطی نہ کرے ورنہ بھارت کا وجود دنیا کے نقشہ سے مٹ چکا ہو گا،انہوں نے جنرل راحیل شریف کے بیان کو قومی امنگو ں کا ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیریوں کے دل آج بھی پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں خاردار باڑوں کی حد بندیاں کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو قید نہیں کرسکتیں انشاء اﷲ کشمیر کی آزادی کاسورج جلد طلوع ہو گا،انہوں نے میانماں میں بھارتی مداخلت اور مسلمانوں کی نسل کشی کے بھارتی اعتراف جرم پر اقوام متحدہ ،انسانی حقوق کے اداروں اور سلامتی کونسل کی توجہ مبذو ل کراتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم اور ان کے درباری وزراء کے بیانات سے واضح ہو گیا کہ بھارت ہندو انتہاپسندی کے تعصب میں اپنے سیکولرازم کاوعوی کو بھی بھول گیا ہے اس کی واضح مثال بھارت میں مسلمان اور اقلیتوں کے ساتھ روارکھی جانے والی متعصبانہ بھارتی حکومت کی پالیسیاں اورمسلمانوں کی نسل کشی ،عبادت گاہوں کو شہید کیا جانا ہے، انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کے دھشت گردانہ بیانات پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بھارت سے محبت کی پینگیں بڑھانے کا نہیں بلکہ جرأت مندانہ کردار ادا کرتے ہوئے ملک کی سالمیت اور بقاء کے تحفظ کیلئے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا ہے نواز شریف بھارت کی بزدلانہ گیڈر بھپکیوں کا منہ توڑ جواب دیں جو قومی امنگوں کا ترجمان ہو۔

متعلقہ عنوان :