عصرحاضر میں پولیس کی ملازمت اعلی تربیتی معیار کی متقاضی ہے، اے آئی جی پولیس ٹریننگ پنجاب

ہفتہ 13 جون 2015 23:11

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء ) ایڈیشنل آئی جی پولیس ٹریننگ پنجاب کیپٹن (ر) محمدعثمان نے کہا ہے کہ عصرحاضر میں پولیس کی ملازمت اعلی تربیتی معیار کی متقاضی ہے اور مختلف لحاظ سے پولیس کی ذمہ داریوں اور فرائض میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ ان کی نوعیت بھی پیچیدہ ہوگئی ہے - انہوں نے کہا کہ پولیس کانسٹیبل فیلڈ میں دہشت گردی کے خاتمے، مجرموں کی بیخ کنی اور شہریوں کو انصاف فراہم کرنے کے سلسلے میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں - انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران شہریوں کے ساتھ شائستگی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ان کے مدد گار بن کر اپنے فرائض ادا کریں - انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی تاریخ جوانوں کی عظیم قربانیوں سے بھری ہوئی ہے اور نئے تربیت مکمل کرنے والے کانسیبلز کو فورس کی اچھی روایات کو برقرار رکھنا چاہیئے -انہوں نے ان خیالات کا اظہار پولیس ٹریننگ سکول روات راولپنڈی میں تربیت مکمل کرنے والے 739 کانسٹیبلز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا - پولیس ٹریننگ سکول روات کے پرنسپل ایس ایس پی دار علی خٹک ، سابق آئی جی ایم آرضیا، ڈی ایس پی عامر خلیل ، پولیس انسپکٹرز، اساتذہ ، تربیت مکمل کرنے والے کانسٹیبلز اور ان کے عزیز و اقارت کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی-ایڈیشنل آئی جی پولیس ٹریننگ پنجاب نے کہا کہ انہیں اس امر کی خوشی ہے کہ پاس آؤٹ ہونے والے 739کانسٹیبلز کی سلیکشن این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر ہوئی اور ان کانسٹیبلز میں سے 77 گریجویٹ ، 95 کمیپوٹر اور سول انجینئرنگ ڈپلومہ ہولڈر، 12حافظ قرآن، 11 پولیس شہداء کے بیٹے اور 25 حاضر سروس پولیس افسران کے بیٹے شامل ہیں - انہوں نے کہا کہ ان ریکروٹس کو تعذیرات پاکستان ضابطہ فوجداری ، مقامی و خصوصی قوانین ، قانون شہادت، پولیس کے عملی کام ، اسلامی اخلاقیات ، کمیونٹی پالیسنگ اور کاؤنٹرٹیررازم کی خصوصی تربیت کے علاوہ جدید ہتھیاروں کے استعمال ، منشیات کی نشاندہی ، کار سرچ ، پرسن سرچ اور سیکیورٹی انٹیلی جنس اور فنگر پرنٹس کے خصوصی کورس بھی کروائے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ ان جوانوں کو پہلی مرتبہ موبائل فون ، فرانزک انویسٹی گیشن ، دہشت گردی کی روک تھام کے اقدامات ، کرائسز مینجمنٹ ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، فائر فائٹنگ اور فرسٹ ایڈ کے کورسز بھی کروائے گئے ہیں اور سب سے بڑھ کر ان کی اخلاقی تربیت بھی کی گئی ہے - کیپٹن (ر) محمدعثمان خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لئے پولیس کی جدید خطوط پر تربیت کے حوالے سے خصوصی توجہ دے رہی ہے اور پولیس کو پہلے سے کہیں زیادہ وسائل بھی فراہم ہو رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں تربیت مکمل کرنے والے کانسٹیبلز کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا چاہیئے اور اپنے فرائض منصبی دیانتداری اور اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائے ہوئی ادا کرنے چاہیئیں- مہمان خصوصی ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب پولیس کیپٹن (ر) محمدعثمان خٹک نے اس موقع پر تربیت کے دوران پوزیشنیں حاصل کرنے والے ریکروٹ کانسٹیبلز میں انعامات تقسیم کئے اور پریڈ کا معائنہ بھی کیا- تربیت مکمل کرنے والے کانسٹیبلز نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی دی - قبل ازیں پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول روات راولپنڈی ایس ایس پی دار علی خٹک نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کانسٹیبلز کو دی جانے والی ٹریننگ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی -

متعلقہ عنوان :