ماحولیاتی آلودگی سے انسانی صحت پر انتہائی خطرناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں‘ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری

اتوار 14 جون 2015 13:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء)بے نظیر بھٹو ہسپتال کے پروفیسر ای این ٹی ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی سے انسانی صحت پر انتہائی خطرناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں، فضاء میں موجود ، کاربن ڈائی اکسائیڈ ، کاربن مونو اکسائڈ، دیگر مہلک اجزاء سانس کے امراض ،گلے کا کینسر او ر جلدی امراض پیدا کر رہے ہیں، فضائی آلودگی سے بچاو کے لئے شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں اور آلودگی کے اثرات سے بچنے کے لئے حفاظتی ادویات استعما ل کریں۔

انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہاکہ کیمائی اجزاء کو نذر آتش کرنے اور دھویں سے مہلک گیسز کے اخراج سے فضاء میں ایسے زیریلے مادے پھیل جاتے ہیں جن میں سانس لینے سے سینے اور سانس کی نالی میں انفیکشن ہو سکتی ہے اور خاص طورپر گلا ان سے متاثر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صنعتی علاقوں ، ٹریفک رش اور کوڑا کرکٹ جلائے جانے سے یہ ملک اجزاء تیزی سے فضاء میں پھیل کر انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر اسلم چوہدری نے کہاکہ شہروں میں آبادی اور ٹرانسپورٹ میں اضافے سے فضائی آلودگی بڑھ رہی ہے جس کے تدراک کے لئے متعلقہ اداروں کی طرف سے مناسب کاروائی کی جانے چاہیے تاکہ صحت عامہ کے تحفظ کے اقدامات کے مثبت نتائج ظاہر ہو سکیں۔