رمضان بازاروں میں اشیائے ضرورت کے معیار کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا ‘ڈی سی او سرگودھا

رمضان بازاروں میں غیر معیاری اشیاء رکھنے والوں کے سٹالز منسوخ کر دےئے جائیں گے‘ثاقب منان

اتوار 14 جون 2015 13:40

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء )ڈی سی او سرگودہا ثاقب منان نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں اشیائے ضرورت کے معیار کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا ۔ رمضان بازاروں میں غیر معیاری اشیاء رکھنے والوں کے سٹالز منسوخ کر دےئے جائیں گے ۔ وہ رمضان بازاروں کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ااجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

ڈی سی او نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ۔ ٹی ایم اے اور دیگر متعلقہ محکموں کو رمضان بازاروں میں سٹالز لگانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے رمضان بازاروں میں معیاری فروٹ اور سبزی کی بلا تعطل وافر مقدار میں سپلائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کر تے ہوئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں آڑھتیوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے جو معیاری سبزی او رفروٹس کی سپلائی کو یقینی بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیاکہ مارکیٹ سے کم قیمت پر چینی کی سپلائی کیلئے انتظامات کر لئے گئے ہیں ۔ اس سلسلے میں چینی کے مین ڈیلر میاں طارق یعقوب کو ٹاسک دے دیاگیاہے ۔ اسی طرح آٹے کی سپلائی کو یقینی بنایاجارہاہے ۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ ٹی ایم اے کے دفتر کے سامنے رمضان بازار میں پچاس سے زائد سٹال لگائے جائیں گے جس میں سبزی فروٹس ‘ یوٹیلٹی سٹورز ‘ کریانہ ‘ ڈسٹری بیوشن کونسل کے تعاون سے مشروبات ‘گوشت ‘ پولٹری اور دیگر ضروریات زندگی مہیا کی جائیں گی۔ رمضان بازاروں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں۔