پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ راولپنڈی میں مرغبانی کے ششماہی کورسز کا آغاز آئندہ ماہ ہو گا

اتوار 14 جون 2015 14:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء) مرغبانی کے شعبے سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور مرغبانی کے فروغ کے لیے مزید پیشہ ور افرادکی تیاری کی غرض سے پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ مری روڈ راولپنڈی میں ششماہی سرٹیفیکیٹ کورسز کا آغاز یکم جولائی سے کیا جائے گا ۔ ان کورسز میں پولٹری ہاؤسنگ اینڈ مینجمنٹ ، پولٹری ہیچری مینجمنٹ ،لیبارٹری ٹیکنیکس فار پولٹری ڈیزیز اور پولٹری فیڈ میں واٹر ٹیسٹنگ لیب ٹیکنیکس کے کورس شامل ہیں ۔

پولٹری ریسرچ انسیٹیوٹ میں آئندہ ماہ سے شروع کرائے جانے والے کورسز کے حوالے سے سینیئر ریسرچ آفیسر شعبہ توسیع راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرشید نے کہاہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ ریسرچ وقتافوقتا مختلف تربیتی کورسز کا اجراء کرتا رہتا ہے جس کے ذریعے کم پڑھے لکھے افراد کو ہنر مند بنا کر معاشرے کا کارآمد اور فعال رکن بنانے میں ممکن مدد دی جاسکے ۔

(جاری ہے)

کورسز کی رجسٹریشن کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالرشید نے کہا کہ میٹرک مجموعی طور پر کم از کم 40 فیصدنمبروں سے پاس ہونے والے افراد جن کی عمر کی حد 16 سال سے 35سال ہے وہ ادارہذا کی ویب سائٹ www.poultry.punjab.gov.pkسے فارم ڈاؤن لوڈ کر کے یا ادارہ کے شعبہ تعلیم سے فارم لیکر اپنی رجسٹریشن 27 جون 2015 تک کرواسکتے ہیں۔ کورسز کی ماہانہ فیس 500 روپے ہے جبکہ کلاسز کا اجراء یکم جولائی 2015 سے صبح 8بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہوگا ۔

ڈاکٹر عبدالرشید نے کہا کہ ان کورسز کے ذریعے لوگوں کو مرغبانی میں جدید ٹیکنیکس کے استعمال سے پیدوار بڑھانے اور بیماریوں سے مقابلہ کر کے نقصان کی شرح کم سے کم کرنے کی تربیت دی جائے گی اور کورسز میں تربیت حاصل کرنے والے افراد پولٹری سیکٹر میں ماہانہ 15 ہزار سے 25 ہزار روپے تنخواہ کے اہل ہوسکتے ہیں۔