پنجاب میں غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کے خلاف کریک ڈاؤن ،لاہور کے 3 ،فیصل آباد کے4،ملتان کے 6 ،گوجرانوالہ کے2 ،راولپنڈی کے6 اور سرگودھا کے3 نجی کالجوں کو شو کاز نوٹس جاری

رجسٹریشن نہ کروانیوالے کالجوں کو سربمہرکردیاجائیگا،ڈی پی آئی کالجز خالد جاوید

اتوار 14 جون 2015 15:53

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء) محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر میں غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا،ابتدائی طور پر لاہور،ملتان،راولپنڈی،فیصل آبادسرگودھاکے غیر رجسٹرڈ کالجوں کیخلاف کارروائی کا آغازکیا گیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں پنجاب کے دیگر اضلاع میں کارروائی کی جائے گی،عرصہ دراز سے بغیر رجسٹریشن کے چلنے والے نجی کالجوں میں سے لاہور کے 3 ،فیصل آباد کے4،ملتان کے 6 ،گوجرانوالہ کے2 ،راولپنڈی کے6 اور سرگودھا کے3 نجی کالجوں کو شو کاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔

محکمہ تعلیم کے باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ خفیہ اداروں کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک رپورٹ ارسال کی گئی ہے جس میں صوبہ بھر کے 36اضلاع میں عرصہ دراز سے چلنے والے غیر رجسٹرڈ کالجوں کی فہرست پیش کی گئی ہے،جس کے بعد وزیراعلی پنجاب کی طرف سے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب کو مذکورہ کالجز کیخلاف فوری طور پر کاروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی)کالجز نے پنجاب بھر میں قائم غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کیلئے تمام ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے ،مراسلے میں ڈائریکٹرز کالجز کو ہدایت دی گئی ہیں کہ وہ اپنے ڈویژن کے تمام اضلاع کے غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کی نہ صرف تفصیلات اکٹھی کریں بلکہ3 ہفتوں کے اندر کاروائی مکمل کرکے ڈی پی آئی کالجزپنجاب کورپورٹ ارسال کریں۔

واضح رہے اس سے قبل جنوری 2015 کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا تھا اور اس مراسلے کے نتیجے میں ملنے والی معلومات کے تحت کارروائی کا آغاز ہوا ہے اور مختلف اضلاع کے 24کالجوں کو شو کاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ایک محتاط اندازے کے مطابق صوبہ بھر میں 670 سے زائد ایسے نجی کالجز موجود ہیں جو عرصہ دراز سے بغیر رجسٹریشن کے ہی کام کر رہے ہیں ۔رابطہ کرنے پرڈی پی آئی کالجز پنجاب خالد جاوید نے اے پی پی کو بتایا کہ صوبہ بھر کے غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کیخلاف کاروائی کا حکم دیدیا گیا ہے اور اس سلسلے میں تمام ڈائریکٹر کالجز کو مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے، تمام ڈائریکٹر کالجز اپنے اپنے اضلاع میں موجود غیر رجسٹرڈ نجی کالجز کی تفصیلات فراہم کرنے کے پابند ہونگے،جس کے بعد انہیں رجسٹریشن کرانے کیلئے تین ہفتے کی مہلت دی جائیگی اور اس دورانیے میں بھی رجسٹریشن نہ کروانے والے کالجوں کو ضلعی حکومت کی نگرانی میں سر بمہرکر دیا جائے گا اور انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔