آپریشن ضرب عضب کا ایک سال، دہشت گردوں کے اہم نیٹ ورک ختم ہو گئے،خواجہ آصف

اب دہشت گرد فوج کے خوف سے چھپنے کے لئے جگہ ڈھونڈ رہے ہیں،بیان

اتوار 14 جون 2015 16:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے آپریشن ضرب عضب کے ایک سال کو کامیاب کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب میں اہم اہداف حاصل کئے ایک سال میں دہشت گردوں کے اہم نیٹ ورک ختم ہو گئے اب دہشت گرد فوج کے خوف سے چھپنے کے لئے جگہ ڈھونڈ رہے ہیں ۔ اتوار کے روز آپریشن ضرب عضب کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوجی جوانون کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا جوانوں نے قوم کے مستقبل کے لئے اپنا آج قربان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

آپریشن ضرب عضب سے پاکستان کا عمل بحال ہو رہا ہے اور آج ضرب عضب کی بدولت ہی پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری اور کرکٹ کی بحالی ہوئی ہے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قوم پاک فوج کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے پاک فوج کے جوانوں نے ملکی دفاع کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں ۔ شہداء کے گھرانون کی ملک کے لئے دی گئی قربانیاں کبھی بھلائی نہیں جا سکتی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ آپریشن میں ضرب عضب میں اہم اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں اور ضرب عضب آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے بہت جلد پاکستان پرامن ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا ۔