بجٹ عوام دشمن ہے  ایم کیو ایم کی اپیل پر سندھ میں ہڑتال کی گئی

ہڑتال کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح کھلنے والے ہوٹل، دکانیں اور پٹرول پمپس بند رہے ٹریفک کم دکھائی دیا

اتوار 14 جون 2015 16:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے سندھ کے لئے پیش کئے گئے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے صوبے بھر میں ہڑتال کی گئی ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے سندھ حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے، ایم کیو ایم کی جانب سے کاروباری حضرات اور ٹرانسپورٹرز سے دوپہر ایک بجے تک تجارتی سرگرمیاں بند رکھنے کی اپیل کی گئی ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی ہڑتال کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح کھلنے والے ہوٹل، دکانیں اور پٹرول پمپس بند رہے  ٹریفک معمول سے کم دکھا ئی دیا۔ کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ، میرپورخاص، ٹنڈوآدم اور دیگر شہروں میں بھی ایم کیو ایم کی ہڑتال کے باعث کاروباری سرگرمیاں معمول سے کم دکھائی دیں ۔واضح رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ روز آئندہ مالی سال کے لیے 7 کھرب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کیا جس میں کراچی کے لیے 49 ارب جب کہ حیدرآباد کیلئے 37 ارب روپے رکھے گئے تاہم بڑے شہروں کیلئے کوئی میگا پراجیکٹ نہیں رکھا گیا۔