کاشتکار بینگن کی پنیری کی بوائی جون کے آخر میں شروع کردیں، محکمہ زراعت پنجاب

فصل کی اچھی پیداوار کیلئے زرخیز میرا زمین ، گرم مرطوب آب وہوا موزوں ہے، ترجمان

اتوار 14 جون 2015 16:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بینگن کی دوسری فصل کی کاشت کیلئے پنیری کی بوائی جون کے آخر میں شروع کردیں۔ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ بینگن برصغیر پاک و ہند، چین اور جاپان کی اہم سبزیوں میں شمار ہوتا ہے اور یہ سارا سال مارکیٹ میں اچھی حالت میں میسر رہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بینگن کی بوائی سال میں تین بار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینگن کو ہر قسم کی زمین اور آب وہوا میں کاشت کیا جاسکتا ہے تاہم اچھی پیداوار کیلئے زرخیز میرا زمین جس میں پانی کا نکاس اچھا ہو اور گرم مرطوب آب وہوا نہایت موزوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینگن کی پہلی فصل کیلئے پنیری وسط فروری میں بوئی جاتی ہے اور اس کی کھیت میں منتقلی شروع اپریل سے کر دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ فصل جون سے ستمبر تک پیداوار دیتی ہے۔ دوسری فصل کیلئے نرسری جون کے آخر میں بوئی جاتی ہے اور اس کی کھیتوں میں منتقلی جولائی اگست میں کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موسم میں عام طور پر بینگن کی گول اقسام کاشت کی جاتی ہیں۔ یہ فصل ستمبر سے دسمبر تک اچھی پیداوار دیتی ہے اور اگراس فصل کو سردیوں میں کہر سے بچا لیا جائے تو فروری مارچ میں اس سے دوبارہ پیداوارحاصل کی جاسکتی ہے جبکہ تیسری فصل کیلئے پنیری کی بوائی نومبر کے شروع میں کی جاتی ہے اور وسط فروری میں جب کہر کا خطرہ نہ رہے تو پودے کھیت میں منتقل کر دیئے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :