کمار سنگاگارا نے ممکنہ طور پر بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ لینے کافیصلہ کر لیا

اتوار 14 جون 2015 18:09

کمار سنگاگارا نے ممکنہ طور پر بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ ..

کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14جون ۔2015ء ) سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز کمار سنگاگارا نے ممکنہ طور پر بھارت کیخلاف شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد اس فارمیٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لینے کافیصلہ کر لیا ہے ۔ایک کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق منگل کو سنگا کار ااور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مابین شیڈول میٹنگ میں انکی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی تاہم سنگاکارا پہلے ہی کرکٹ بورڈ کو بتا چکے ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے سیریز کے پہلے دو میچز کھیلیں گے جس کے بعد وہ بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد اس فارمیٹ کو بھی خیر آباد کہ دیں گے کیوں کہ انہیں انگلش کاؤنٹی سرے کے ساتھ کیے گئے اپنے معاہدے کا پاس رکھنا ہے ۔

سنگاکارا کے اس ممکنہ فیصلے کے بعد اب اس بات کا امکان انتہائی کم رہ گیا ہے کہ سری لنکا کی تاریخ کے کامیاب ترین بلے باز اپنے ہوم گراؤنڈ کینڈی پر اپنا آخری انٹر نیشنل میچ کھیلیں گے ۔

(جاری ہے)

37سالہ کمار سنگاکا را اب تک 130ٹیسٹ میچز میں 58.66کی اوسط سے 12203رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 38سنچریاں اور 51نصف سنچریاں شامل ہیں،سنگاکارا اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 11ڈبل سنچریاں بھی سکور کر چکے ہیں اور انہیں عظیم آسٹریلیوی بلے باز سر ڈان بریڈمین کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے مزید 1ڈبل سنچری کی ضرورت ہے،سنگاکارا ممکنہ طور پر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 5ویں زیادہ رنز بنانیوالے بلے باز کی حیثیت سے ریٹائر ہوں گے ۔

سابق سری لنکن کپتان 8000،9000،11000اور 12000ٹیسٹ رنز بنانیوالے تیز ترین بلے باز ہیں جبکہ تیز ترین 10000ٹیسٹ رنز مکمل کرنے میں وہ اننگز کے لحاظ سے سچن ٹنڈولکر اور برائن لارا کے ہمراہ سر فہرست ہیں ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کمار سنگاکارا نے ورلڈ کپ 2015ء کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رکھا تھا تاہم سری لنکن ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز اور سلیکٹرز نے انہیں مزید ایک یاد دو ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر آماد ہ کر لیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :