ایگزیکٹ کی ملکیت 912 گاڑیاں و موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی گئیں

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 14 جون 2015 20:14

ایگزیکٹ کی ملکیت 912 گاڑیاں و موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی گئیں

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14جون۔2015ء) ایگزیکٹ اسکینڈل میں ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کمپنی کی ملکیت 912 گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں قبضے میں لے لیں ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو کہہ دیا کہ اگلے احکامات تک گاڑیاں کسی کے نام ٹرانسفر نہ کی جائیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں مرسڈیز سے مہران کار تک کی 700 گاڑیوں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں جو ایگزیکٹ کمپنی کی ملکیت ہیں، جبکہ ایگزیکٹ کمپنی کی ملکیت 212 موٹر سائیکلوں کی فہرست بھی اس سے منسلک ہے۔

فہرست کے ساتھ تحریری احکامات میں متعلقہ محکمے کو ان گاڑیوں کی فائلیں اگلے احکامات تک سیف کسٹڈی میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان گاڑیوں کو کسی دوسرے نام پر ٹرانسفر نہ کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ ایگزیکٹ کمپنی کے وئیر ہاؤسز اور پارکنگ میں کھڑی بیشتر گاڑیوں کو ایف آئی اے نے قبضے میں بھی لے لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹ کے چینل کی گاڑیوں اور دیگر املاک کے خلاف اقدامات آئندہ ہفتے شروع کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :