لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور مہنگی میں کمی نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈی سی او لاہور کو تجزیاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 15 جون 2015 11:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) عدالتی سماعت کے موقع پر درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں ہونے والی پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس تناسب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اس تناسب سے مہنگائی کم نہیں کی گئی جبکہ ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تاجروں کے ساتھ ملی بھگت کر کے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کے حکومتی دعوے اعلانات کے علاوہ کچھ نہیں ہیں جس سے شہریوں کی مشکلات میں کمی نہیں آ سکی۔سرکاری وکیل نے عدالت سے جواب داخل کرنے کی مہلت طلب کی تاہم عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈی سی او لاہور کو ہر صورت تجزیاتی رپورٹ پیش کر نے کی ہدائت کر دی۔