کراچی ‘دہشتگردوں کی شناخت کیساتھ پولیس آپریشنز ‘23 جواری و15 افرادگرفتار

پیر 15 جون 2015 12:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں چند روز قبل پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ کھارادر میں پولیس نے 23جواری گرفتار کرلئے اور کھو کھرا پار کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 15افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ملیر کے علاقے کھو کھرا پار کے لاسی گوٹھ، سعودیہ کالونی اور محمدی کالونی میں پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کی موجود کی اطلاع سرچ آپریشن کیاگیا۔

پولیس نے گھر گھر تلاشی کے دوران15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ہوگئی، ہلاک ملزمان کی شناخت عبدالرحمان خان اور حکیم اللہ خان کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عابد چھوٹو گروپ سے تھا، ملزمان نے ایک ماہ قبل اجمیر نگری میں پولیس اہلکار یاور شکوہ کو اجمیر نگری میں قتل کیا تھا، جس کی تصدیق ملزمان کے اسلحے سے ملنے والی گولیوں اور اہلکار کے قتل میں استعمال ہونے والی گولیوں کے خول ملنے سے ہوئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق کھارادر میں جوئے کے اڈے کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا، تو وہاں پر جوا کھیلنے میں مصروف 23افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ جوئے میں استعمال ہونے والی رقم اور اور سامان کو قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ گرفتار 23جواریوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے جیل بھیج دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :