عدالت نے سوڈانی صدر عمر البشیر کی جنوبی افریقا سے واپسی روک دی

پیر 15 جون 2015 13:03

جووہانسبرگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) جنوبی افریقا کی ایک عدالت نے ایک نجی تنظیم کی دائرکردہ درخواست پر فیصلہ دیا ہے کہ جب تک عالمی فوج داری عدالت کی جانب سے سوڈانی صدر عمرالبیشر کی گرفتاری سے متعلق وارنٹ پر کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آتا وہ جوہانسبرگ سے باہر نہ جائیں واضح رہے کہ حال ہی میں عالمی فوج داری عدالت نے بھی جنوبی افریقا سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ سوڈانی صدر کو اپنے ہاں دورے کے دوران گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں، کیونکہ ان کے خلاف دارفور میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات کے تحت مقدمات چل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سوڈانی صدر گذشتہ روز جنوبی افریقاکے دارالحکومت جوہانسبرگ پہنچے تھے جہاں انہیں افریقی یونین کے سربراہ اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔عالمی فوج داری عدالت کے چیف جسٹس نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سوڈانی صدر محمد عمرالبشیر کے خلاف انسانیت کیخلاف جرائم کے الزامات کے تحت سنہ 2009ء میں ایک مقدمے کا فیصلہ ہوچکا ہے جس کے تحت وہ عدالت کو مطلوب ہیں۔ جنوبی افریقا کی اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ صدر البشیر کی گرفتاری وارنٹ پرعمل درآمد کرنے میں عالمی عدالت سے تعاون کرے