فیصل آباد کے 18 رمضان بازاروں اور سیل پوائنٹس پر 52 روپے فی کلو کے حساب سے چینی کی فروخت شروع

پیر 15 جون 2015 13:50

فیصل آباد ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے سستا رمضان پیکج کے تحت پیر کے روز سے فیصل آباد کے 18 رمضان بازاروں اور سیل پوائنٹس پر 52 روپے فی کلو کے حساب سے چینی کی فروخت شروع کردی گئی ہے اور صارفین کو مطلوبہ ضرورت کے مطابق چینی فراہم کی جارہی ہے۔سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آبادکے ترجمان نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

15 جون۔2015ء کو بتایاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے رمضان پیکج کے تحت ضلع فیصل آباد کیلئے 10لاکھ 95 ہزار کلو گرام سستی چینی کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں اور سیل پوائنٹس پر سستی چینی کے ایک اور دو کلوگرام وزنی پیکٹ حکومت پنجاب کے پرنٹڈ مونوگرام کے تحت روزانہ کی بنیاد پر فروخت کئے جارہے ہیں چینی کی فروخت کا روزانہ کا باقاعدہ ریکارڈ بھی مرتب کیاجارہاہے جس کیلئے سٹاف کو ڈیوٹیز تفویض کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سستی چینی کی سپلائی کے سلسلے میں مختلف شوگر ملز کی طرف سے بندوبست کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ فیصل آباد سمیت ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں کسی بھی جگہ چینی ، آٹے سمیت کسی اشیائے خوردونوش کی کوئی قلت یاکمی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام صنعتی ، تجارتی ، کاروباری سٹیک ہولڈرز پر واضح کردیاگیاہے کہ اگر کسی جگہ ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کی شکایت ملی تو ان کے ساتھ کوئی رعائت یانرمی نہیں برتی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :