موسم برسات کے دوران متعلقہ محکموں کوانسداد ڈینگی کے اقدامات کی ہدایت

پیر 15 جون 2015 13:54

فیصل آباد ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) آمدہ موسم برسات میں ڈینگی کے پھیلاؤ کے ممکنہ خدشہ کے پیش نظر تمام محکموں کو فوری طور پر انسدادی،احتیاطی اور انتظامی اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ چونکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈینگی کے خلاف اقدامات کو جنگی بنیادوں پر مکمل رکھنے کا حکم دیا ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی کوتاہی کامظاہرہ نہ کیاجائے۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے کہاکہ چونکہ قلیل مدت میں ڈینگی کا خاتمہ ممکن نہیں اس لئے بھرپور انسدادی اقدامات کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے جس کیلئے کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٴثر آگہی مہم کے ذریعے لوگوں میں ڈینگی سے بچنے کا شدید احساس پیدا کیا جائے تاکہ وہ اپنے گھروں،گلیوں،محلوں اور اردگرد کی جگہوں کو صاف ستھرا رکھیں اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے ذرائع کا خاتمہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں سخت محنت اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے انسداد ڈینگی اقدامات کے خاطر خواہ نتائج حاصل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کباڑخانوں،قبرستانوں،پارکوں،نرسریوں،زیر تعمیر عمارتوں،ٹائروں کی دکانوں اور پانی جمع ہونے کے مقامات کا بار بار سروے کرکے ڈینگی خدشات کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے ڈینگی کے خلاف سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،میڈیکل ویسٹ کو ٹھکانے لگانے،گاڑیوں کے دھواں اور شور پر قابو پانے،صنعتی فضلہ اور دیگر آلودگی کے تدارک کیلئے بھی اقدامات کو آگے بڑھایا جائے جس کیلئے محکمہ تحفظ ماحولیات کی طرف سے بھرپور تعاون کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :