جب تک سیودی چلڈرن خود کو رجسٹرڈ نہیں کروالیتی اس وقت تلوار لٹکی رہے گی ‘وزارت داخلہ

پیر 15 جون 2015 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ جب تک سیودی چلڈرن خود کو رجسٹرڈ نہیں کروالیتی اس وقت تلوار لٹکی رہے گی ۔ وزارتِ داخلہ کے ایک سینئر عہدے دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سیو دی چلڈرن کے دفاتر بند کرنے کے حکم نامے پر مبنی نوٹیفکیشن کے بعد ایک دوسرا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کا کہنا ہے کہ پچھلا حکم کو عارضی طور پر ملتوی کردیا گیا ہے تاہم اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہے کہ سیو دی چلڈرن کو اپنی تمام سرگرمیاں بحال کرنے کی مکمل اجازت مل گئی ہے جب تک یہ خود کو رجسٹرڈ نہیں کروالیتی اس کے سر پر مستقل تلوار لٹکی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ہفتے ایک اجلاس منعقد کیا جائیگا جس میں وزارتِ داخلہ، دفترِ خارجہ، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور دیگر محکموں کے افراد شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں سیو دی چلڈرن کو عبوری اجازت کی توسیع پر غور کیا جائے گا۔سیو دی چلڈرن کے ایک ترجمان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ سیو دی چلڈرن کو دوبارہ دفاتر کھولنے کے بارے میں کسی قسم کے نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ تو ابتدائی بندش کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا اور نہ ہی اس کے بعد جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے بارے میں بتایا گیا ہے اگر حکام ہم سے باضابطہ طور پر رابطہ کریں گے تو ہم ان کا خیرمقدم کریں گے۔