برطانوی اسکولوں نے ماہ رمضان میں طلبا کے روزے رکھنے پر پابندی عائد کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 جون 2015 14:25

برطانوی اسکولوں نے ماہ رمضان میں طلبا  کے روزے رکھنے پر پابندی عائد ..

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 15 جون 2015 ء): برطانوی اسکولوں کی جانب سے مسلمان طلبا پر ماہ رمضان کے دوران روزے رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے. تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے بارکلے پرائمری اسکول، سائیبرون پرائمری اسکول، تھوماس گیبئیول پرائمری اسکول اور والتھام فاریسٹ اینڈ بروک ہاؤس پرائمری اسکول انتظامیہ نے اپنے مسلمان طلبا پر ماہ رمضان میں روزے رکھنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

پابندی عائد کرنے والے اسکولوں کی جانب سے زیر تعلیم مسلمان طلبا کے والدین کو خطوط بھی ارسال کیے گئے ہیں جن میں اس پابندی سے متعلق آگہی کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں یہ وقت طلبا اوراساتذہ کے لئے مصروفیت سے بھرپورہوتا ہے کیونکہ سال کے اسی حصے میں طلبا کے لئے مختلف سپورٹس سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی تقریبا 18 گھنٹے کے روزے رکھنے کے باعث بچے پانی اورکھانے سے دورہوگئے تھے جس کی وجہ سے کئی طلبا اسکول کے اوقات ہی میں بیماراور بے ہوش ہوگئے تھے جب کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق مسلمان پر چھوٹی عمر میں روزے فرض نہیں ہیں لہٰذا اسکول انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ طلبا روزے نہیں رکھیں گے کیونکہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے ان کے روزے رکھنے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

برطانیہ میں مقیم مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم نے اسکولوں کی جانب سے عائد کی گئی اس پابندی کی شدید مخالفت کی ہے۔ تنظیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دین اسلام میں سختی نہیں، ہمارے دین میں بچوں، بیماروں اور انتہائی ضعیف افراد پر روزہ کے لئے چھوٹ دی گئی ہے اس لئے اسکولوں کی جانب سے روزے پر پابندی درست عمل نہیں اسے طلبا اور ان کے والدین پر چھوڑ دیا جانا چاہیئے۔دوسری جانب بارکلے پرائمری اسکول کے انتظامی بورڈ کے سربراہ جسٹن جیمز نے کہا ہے کہ جو والدین اپنے بچوں کو روزہ رکھوانے کے خواہشمندہیں انہیں اسکول انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ کر کے ان تمام مسائل کے حل کے لیے تبادلہ خیال کرنا ہو گا جس سے بچوں، ان کے والدین اور اسکول انتظامیہ سب ہی کے لئے قابل قبول ہو۔