مثالی بجٹ پیش کیا گیاہے جو آزاد خطہ کو تعمیر وترقی کے ایک نئے دور میں داخل کردے گا‘وزیراعظم

پیر 15 جون 2015 14:44

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزادکشمیر میں مثالی بجٹ پیش کیا گیاہے جو آزاد خطہ کو تعمیر وترقی کے ایک نئے دور میں داخل کردے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں وزراء کرام ،مشیران حکومت ،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ،حکومت کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سیکرٹری مالیات نے فنانس بل کے حوالے سے بریفنگ دی۔کابینہ نے فنانس بل 2015-16کی منظوری دی۔کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جس پر ہم ان کے شکرگزار ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے تعمیر و ترقی کے لیے جو حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔

اس سے آزاد کشمیر کے عوام معاشی خوشحالی سے ہمکنار ہوں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے حالیہ بجٹ سے آزادکشمیر کے عوام بلا تخصیص جدید سہولتوں سے مستفید ہوں گے اور دور دراز پہاڑی علاقوں کے عوام بھی شہر جیسی سہولتیں حاصل کرسکیں گے۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کروائی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اورکشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی حکمرانوں کی ریاستی دہشت گردی کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے اور مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا غیر قانونی تسلط کا خاتمہ ہو کر رہے گا-

متعلقہ عنوان :