کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عروج پر پہنچ چکی‘ بھارت کو اپنی فوج نکالنا پڑے گی‘مولانا عبدالعزیز علوی

پیر 15 جون 2015 14:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) امیر جماعةالدعوةآزادکشمیرمولاناعبدالعزیزعلوی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عروج پر پہنچ چکی۔ جلد بھارت کو اپنی آٹھ لاکھ فوج وہاں سے نکالنا پڑے گی۔پاک چین راہداری منصوبہ اور کشمیر میں تحریک آزادی کو دن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر بھارت سرکار پریشانی کا شکار ہے۔بھارتی دھمکیاں گیدڑ بھبھکیوں سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں رکھتیں۔

غیور پاکستانی قوم بھارت کواس کی جارحیت کامنہ توڑجواب دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ انڈیا اس وقت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس پر جنون طاری ہے۔بھارتی حکمرانوں کو کچھ سجھائی نہیں دے رہا کہ انہیں کرنا کیا ہے؟ وہ چاہتے ہیں کہ جس طرح امریکہ ڈرون حملے کرتا ہے وہ بھی ہمسایہ ملکوں میں گھس کر کاروائیاں کرناشروع کردے لیکن اسے یہ بات ضرور یاد رکھنی چاہیے کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے اور بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے پہلے ان کے وزیر دفاع اور وزیرخارجہ کے بیانات بھی پاکستان دشمنی پر مشتمل تھے۔ جب پاک چین راہداری کا منصوبہ سامنے آیا تو اسے انڈیا کی جانب سے ناقابل برداشت قرار دیا گیا۔ اسی طرح بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہا ہے۔ مودی نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران ڈھاکہ میں واجپائی کا ایوارڈ وصول کرتے وقت جو باتیں کیں انہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ ہم جلسوں، کانفرنسوں اور اجتماعات کے ذریعے عوام الناس میں زبردست بیداری کا ماحول پیدا کریں گے۔ 1972ء میں ہم نے بنگلہ دیش نامنظور تحریک چلائی اور کہا تھا کہ بھارتی فوجی قبضہ کی بنا پر بنائے جانے والے بنگلہ دیش کو تسلیم نہ کیا جائے کیونکہ یہ اس کی دہشت گردی کو جواز فراہم کرنے کے مترادف ہو گا۔ آج ایک بار پھر ملک میں اسی انداز میں تحریک اٹھانے کی ضرورت ہے۔

عبدالعزیزعلوی نے کہاکہ پاکستان کی عوام پر برما کے مسلمانوں کی مدد کرنا فرض ہے ۔جماعة الدعوة نے انڈونیشا میں روہنگیا مسلمانوں کو باقاعدہ امداد پہنچا نا شروع کر رکھی ہے۔بہت تھوڑے لوگ برما سے نکل سکے ہیں۔بڑی تعداد میں مسلمان اب بھی وہاں ظلم سہہ رہے ہیں۔ صرف انڈونیشیا اور ترکی نے میانمار میں ظلم و ستم کا شکار مسلمانوں کی مدد کی ہے جبکہ دیگر ملکوں میں سے کوئی انہیں پناہ دینے کیلئے بھی تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں بھارت کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی شہ دے رہی ہیں۔ہمیں ان سازشوں کومتحد ہو کر ناکام بنانا اور ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :