نیپال، زلزلے سے متاثرہ تاریخی مقامات کو دوبارہ کھول دیا گیا

پیر 15 جون 2015 15:00

کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) نیپال نے حال ہی میں آنے والے دو شدید زلزلوں سے متاثر ہونے والے اکثر تاریخی مقامات کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق سیاحت کے وزیر کرپاسور شرپا کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد بند کیے گئے سات میں سے چھ تاریخی مقامات کو پیر کو کھول دیا گیا۔

(جاری ہے)

25 اپریل اور 12 مئی آنے والے دو زلزلوں میں 8,700 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔زلزلے میں ہزاروں عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا جن میں قدیم مندر، محل اور دوسری تاریخی عمارات بھی شامل تھیں جہاں سیاح بڑی تعداد میں آتے تھے۔ہر سال لگ بھگ 800,000 غیر ملکی سیاح نیپال آتے ہیں اور حکومت کو خدشہ ہے کہ زلزلے کے خوف سے بہت سے لوگ نیپال آنا چھوڑ دیں گے۔