بھارتی جارحیت کا مقابلہ جذبہ ایمانی ہی سے ممکن ہے‘ قوم انڈین ثقافت اور چینلز کا مکمل بائیکاٹ کرے

شہادت کی تمنا کرنیوالی قوم ہیں مودی سرکار کی دھمکیوں کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں‘برمی مسلمانوں کی مدد امہ پر فرض عین ہے سعودی عرب اور پاکستان یکجان دو قالب ہیں‘ حرمین شریفین کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے؛پروفیسر عبدالستار حامد‘ میاں محمود عباس کی سعودی عرب روانگی سے قبل کارکنان ومیڈیا سے گفتگو

پیر 15 جون 2015 16:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) بھارتی جارحیت کا مقابلہ جذبہ ایمانی ہی سے ممکن ہے۔ قوم انڈین ثقافت اور چینلز کا مکمل بائیکاٹ کرے۔ شہادت کی تمنا کرنے والی قوم ہیں بھارتی سرکار کی دھمکیوں کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے امیر پروفیسر حافظ عبدالستار حامد‘ میاں محمود عباس‘ ناظم اعلیٰ پنجاب نے سعودی عرب روانگی سے قبل کارکنان ومیڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے اور پاک چائنہ معاہدوں نے مودی سرکار کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ پاک چائنہ معاہدوں کی مخالفت اور اس کو ناکام بنانے کی سازشوں میں بھارت کو امریکہ اور اسرائیل کی آشیرباد حاصل ہے۔ یہود وہنود کو خطے کی ترقی واستحکام اور امن گوارہ نہیں پاک چائنہ دوستی دشمن کے مذموم عزائم کی تکمیل میں رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طاقت کے نشے میں مست انڈیا کا خطے میں ”نمبرداری“ کا خواب کبھی بھی شرمندہٴ تعبیر نہیں ہو گا۔

پاک فوج اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتی ہے۔ قوم بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے متحد‘ تیار اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ دریں اثنا انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں‘ انہوں نے کہا کہ برمی مسلمانوں کی مدد امہ پر فرض عین ہے۔ ان کی امداد کے لیے ریلیف فنڈ قائم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :