ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ کے زیر صدارت رمضان المبارک کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس

پیر 15 جون 2015 17:07

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ کے زیر صدارت رمضان المبارک کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا ۔ جس میں ایس پی انویسٹی گیشن سید ندیم عباس ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ، اسسٹنٹ کمشنر پتوکی محمد نواز گوندل ، اے سی چونیاں شیخ محمد سلیم ، ڈی ایس پی سٹی حسن فاروق گھمن ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد شکور، ٹی ایم او قصور رائے محمد منشاء ، ڈی او سول ڈیفنس مسز نگہت ریاض ، وائس چیئر مین مارکیٹ کمیٹی جمیل احمد خاں ، ممبران امن کمیٹی ، علماء اکرام اور صحافیوں نے شرکت کی ۔

ڈی سی اوقصور عدنان ارشد اولکھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے اشیاء خوردونوش پر دی گئی سبسڈی پر ضلعی انتظامیہ ہر صورت عملدرآمد کروائے گی تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہری اپنی روز مرہ کی اشیاء ارزاں نرخوں پر خرید سکیں۔

(جاری ہے)

سستے رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی ، چیزوں کا معیار اور عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں 12سستے رمضان بازارلگائے گئے ہیں اور ہر ایک رمضان بازار میں تین افسران پر مشتمل ایک کمیٹی بنا دی ہے جو ہر وقت اپنے متعلقہ رمضان بازار میں ڈیوٹی دیگی اور صارفین کے مسائل کو فوری طور پر حل کریگی ۔ ڈی سی او قصور نے اس موقع پر علماء اکرام سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک میں باہمی محبت ‘امن ‘دوستی اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھیں ۔ اجلاس میں ممبران امن کمیٹی کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کو یقین دلایا گیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پہلے کی طرح اب بھی امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائیگا ۔امن کمیٹی کے ممبران نے اجلاس میں اپنی اپنی تجاویز بھی دیں جس پر فوراً عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی گئی ۔

متعلقہ عنوان :