Live Updates

نادرا ملازمین کی ہڑتال سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں ، الزامات بے بنیاد ہیں ، گلگت میں ہمارے کامیاب امیدوار کو ایک ووٹ کے ذریعے ہرایا گیا ، نادرا نے 122 کی سپلیمنٹری رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں پیش کردی ، دیگر 39 حلقوں کی ضمنی رپورٹ کیوں نہیں آئی

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 15 جون 2015 17:40

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نادرا ملازمین کی ہڑتال سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں ، الزامات بے بنیاد ہیں ، گلگت میں ہمارے کامیاب امیدوار کو ایک ووٹ کے ذریعے ہرایا گیا ، نادرا نے 122 کی سپلیمنٹری رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں پیش کردی ہے ، سوال یہ اٹھتا ہے کہ دیگر 39 حلقوں کی سپلیمٹری رپورٹ کیوں نہیں آئی ۔

وہ پیر کو جوڈیشل انکوائری کمیشن کے اجلاس کے بعد سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل انکوائری کمیشن نے 22 حلقوں کو شناخت کرکے آر اوز کو طلب کیا ہے ، نادرا نے این اے 122 کی سپلیمنٹری رپورٹ ٹربیونل میں پیش کردی ۔ سوال اٹھتا ہے کہ 39 حلقوں کی سپلیمنٹری رپورٹ کیوں نہیں آئی ، نادرا بے پناہ سرکاری دباؤ کا شکار ہے ، 40 فیصد پولنگ سٹیشنز کے فارم 15 موجود نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

نادرا میں صرف این اے 122 کے بارے میں سپلیمنٹری رپورٹ پیش کی ہے ، الیکشن ٹربیونل نے یا تحریک انصاف نے سپلیمنٹری رپورٹ کا مطالبہ نہیں کیا تھا ، سوال یہ اٹھتا ہے کہ جب 39 حلقوں کی سپلیمنٹری رپورٹ پیش نہیں کی گئی تو اس واحد حلقے کی کہاں سے آگئی ۔ نادرا نے سیاسی دباؤ کی وجہ سے یہ رپورٹ دی ہے ، اسی لئے ہم کہتے تھے کہ جب تک یہ حکومت ہے ، سرکاری اداروں پر پریشر رہے گا ، آج اس کا ثبوت بھی نظر آگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے نادرا ملازمین نے مجھے روکا ، نادرا ملازمین چاہتے تھے کہ مطالبات عمران خان کو پیش کروں ، میں نے کسی ہڑتال یا دھرنے کیلئے نہیں کہا ، نادرا ملازمین کی ہڑتال سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں ہمارے کامیاب امیدوار کو صرف ایک ووٹ کے ذریعے ہرایا گیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات