الخدمت وومن ونگ کے تحت 1,000 برمی خاندانوں میں راشن تقسیم کردیا گیا

رمضان میں کفالت یتامیٰ مہم چلا رہے ہیں‘ 10 ہزار بچوں کی کفالت کا ہدف حاصل کریں گے‘ اراکان آباد کا سروے کیا جائے گا‘ صدر الخدمت فاؤنڈیشن

پیر 15 جون 2015 18:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) الخدمت وومن ونگ (ٹرسٹ) کے تحت کورنگی کے علاقے اراکان آباد میں مقیم 1,000 برمی خاندانوں میں راشن تقسیم کردیا گیا۔ راشن الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے تقسیم کیا۔ اس موقع پر قاضی سید صدر الدین اورراشد قریشی ان کے ہمراہ تھے جب کہ الخدمت وومن ونگ (ٹرسٹ) کی ذمہ داران بھی موجود تھیں۔

تقریب سے بطور مہمان خصوصی محمد عبدالشکور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما کے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم افسوس ناک ہیں‘ الخدمت فاؤنڈیشن ان کی امداد کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ کورنگی کے علاقے اراکان آباد میں مقیم برمی مسلمان مصائب و آلام کا شکار ہیں۔ یہاں انہیں روزگار‘ تعلیم‘ صحت کے مسائل درپیش ہیں جن کے لیے الخدمت وومن ونگ کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ کا جذبہ قابل قدر ہے کہ وہ اس علاقے کے لوگوں کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے یہاں دینی‘ دنیاوی ‘فنی تعلیم اور صحت کی سہولتیں پہنچانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت وومن ونگ کی خدمات اہم و نمایاں ہیں۔ الخدمت قدرتی آفات‘ تعلیم‘ صحت‘ کفالت یتامیٰ سمیت دیگر شعبوں میں کام کررہی ہے لیکن تعلیم سب سے اہم ہے۔

ہمیں اپنی نسلوں کو تعلیم یافتہ بنانا ہوگا۔ عبدالشکور نے کہا کہ رمضان المبارک میں کفالت یتامیٰ مہم چلا رہے ہیں۔ کفالت یتامیٰ پراجیکٹ کے تحت 10 ہزار بچوں کی کفالت کا ہدف حاصل کریں گے۔ انہوں نے الخدمت وومن ونگ کی اراکان آباد میں تعلیم کے لیے کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ 10 برس میں علاقے کے بچوں کی بڑی تعداد زیور تعلیم سے آراستہ ہوگی۔

لوگوں کی خدمت سنتِ رسولؐ ہے اور الخدمت وومن ونگ سنت رسولؐ پر عمل کررہا ہے جو رضا الٰہی کے حصول کا ذریعہ ہے۔ اراکان آباد کا سروے کیا جائے گا۔انہوں نے وومن ونگ (ٹرسٹ) کو ہدایت کی کہ اراکان آباد کے علاقے کا سروے کروایا جائے تاکہ یہاں مزید کام کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اراکان آباد کو شہر کا ماڈل علاقہ بنانا چاہتے ہیں تاکہ یہاں لوگ خوش حال ہوں اور ان کی زندگیوں سے مسائل کا خاتمہ ہو۔

متعلقہ عنوان :