بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ فائر بریگیڈ کے افسران و فائر فائٹرز نے اوور ٹائم کی عدم ادائیگی کیخلاف بلدیہ عظمی کے مشیر مالیات کے دفتر کا گھیراؤ کرلیا

پیر 15 جون 2015 18:30

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ فائر بریگیڈ کے افسران و فائر فائٹرز نے اوور ٹائم کی عدم ادائیگی کے خلاف بلدیہ عظمی کے مشیر مالیات کے دفتر کا گھیراؤ کر لیا اور شدید نعرے بازی کی ، جس کے باعث سوک سینٹر میں کام بند ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ فائر بریگیڈ کے افسران و فائر فائٹرز کو گذشتہ چار ماہ سے فائررسک الاؤنس ( اوورٹائم ) کی ادائیگی بند ہے ۔

بلدیہ عظمی کے محکمہ فنانس کے افسران الاؤنسز کی ادائیگی کے لیے 30 فیصد کمیشن طلب کر رہے تھے ۔ کمیشن کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملازمین گذشتہ چار ماہ سے الاؤنس سے محروم تھے ۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے ملازمین نے دھمکی دی تھی کہ اگر 15 جون تک انہیں واجبات ادا نہ کیے گئے تو وہ ابتدائی مرحلے میں فنانس ایڈوائزر کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے ۔

(جاری ہے)

پیر کے روز فائر بریگیڈ کے تمام اسٹیشنز پر کام بند کر دیا گیا اور ملازمین ٹولیوں کی شکل میں سوک سینٹر پہنچنا شروع ہو گئے ۔

تمام ملازمین نے سوک سینٹر کے 6 فلور پر واقع فنانس ایڈوائزر کے دفتر کاگھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی کی ، جس کے باعث سوک سینٹر میں تمام سرکاری امور ٹھپ ہو گئے ۔ فنانس ایڈوائزر آفاق سعید نے ملازمین سے مذاکرات کرنے کے بجائے ان پر چڑھائی کر دی ، جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ۔ بعد ازاں ملازمین کو مذاکرات کی دعوت دی گئی تو انہوں نے مذاکرات کرنے سے انکا رکر دیا اور کہا کہ جب تک انہیں الاؤنسز ادا نہیں کیے جاتے وہ گھیراؤ ختم نہیں کریں گے ۔ فنانس ایڈوائزر نے اس سلسلے میں بلدیہ عظمی کی مزدور تنظیموں کے رہنماؤں سے رابطہ کیا تو انہوں نے الاؤنسز کی ادائیگی کے بغیر مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :